لندن میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے پاکستان آرمی کے ریٹائر میجر عادل راجہ کی جانب سے بعض خواتین ماڈلز اور اداکاروں کی کردار کشی کے حوالے سے جاری کمپین کی تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور مذمت کی ہے اور اسے سستی شہرت حاصل کرنے کا حربہ قرار دیا ہے۔
عادل راجہ نے اپنے وی لاگ میں ریٹائر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق آئی ایس آئی چیف لفٹینٹ جنرل ریٹائر فیض حمید پر ذاتی نوعیت کے سنگین الزام لگاے تھے۔
اس کے علاوہ انہوں نے چار خواتین کا ذکر کرتے ہوئے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے اور ان پر گھٹیا الزامات عائد کیے۔
اس حوالے سے دو خواتین ماڈلز کبریٰ خان اور مہوش حیات نے اپنی ذات کے حوالے سے چلنے والی منفی کمپین پر ریٹائر میجر عدل راجہ کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
تاہم ایک ٹویٹ کے ذریعے متنازعہ یو ٹیوبر عادل راجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ویڈیو میں کسی شخض کا نام نہیں لیا۔
ہتک عزت کے قوانین کے ماہر وکیل ثاقب جیلانی کے مطابق عادل راجہ وی لاگ سے متاثرہ افراد ان کے خلاف سول اور فوجداری کیس کر سکتے ہیں. ثاقب جیلانی کے مطابق متاثرہ افراد ایف آئی اے سے عادل راجہ کے خلاف پیکا قانون کے تحت کاروائی کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل رائٹس کے حوالے سے کام کرنے والی وکیل نگہت داد کے مطابق خواتین ماڈلز کو فوکس کرنے کی بجاۓ ان لوگوں کو وی لاگر کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے جن کے نام انہوں نے واضح طور پر لئے ہیں۔
نگہت داد کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے اس مواد کو پھیلا رہے ہیں، ان کے خلاف بھی کاروائی کی جا سکتی ہے۔
نگہت داد کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی یوٹیوب کو متنازعہ مواد ہٹانے کے لئے کہہ سکتی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان فوج سے تعلق رکھنے والے ایک افسر نے برطانیہ میں عادل راجہ کے خلاف ہتک عزت کی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے. عادل راجہ نے حاضر سروس بریگیڈیئر پر ہارس ٹریڈنگ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
واضح رہے کہ پچھلے سال اپریل میں فوج نے عادل راجہ کی پنشن ضبط کر لی تھی۔
عادل راجہ نے ماضی میں سینئر صحافی رضا رومی کے خلاف بھی من گھڑت ٹویٹس کی تھی. جس پر رضا رومی نے ٹویٹس ڈیلیٹ نہ کرنے کی صورت میں ریٹائر میجر کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
رضا رومی کے بیان کے چند گھنٹوں بعد ہی عادل راجہ نے نہ صرف اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا بلکہ رضا رومی سے معذرت بھی کر لی۔