فروری 27 ،  2023

تحریر: ریحان پراچہ


لاہور

اسلام آباد کی عدالت نے گرفتار دفاعی اور سیاسی تجزیہ کر لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو تین روز  کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔وہ پہلے ریٹائرڈ جنرل ہیں جنکو عوام کو ملکی اداروں کے خلاف اکسانے  اور نفرت پھیلانے کےکیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو گزشتہ رات اسلام آباد پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا تھا، ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی

دفعہ 153اے اور 505 کے تحت مقدمہ مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں  درج کیا گیا تھا  ۔ایف آئی آر کے مطابق نجی ٹیلیویژن پر امجد شعیب بطور مہمان بات کرتے ہوۓ  اپوزیشن کو سرکاری ملازمین کو اپنے  دفتر نہ جانے کی کال دینے کا کہا اور انکو حکومت کے خلاف مزید سخت حکمت عملی کے لیے اکسایا۔ امجد شعیب پرلگی دفعات فساد انگیز بیانات اور  نفرت پھیلانے  سے متعلق ہیں اور ان کے تحت انہیں 5  اور 7 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

امجد شعیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور پراسیکیوشن کی جانب سے امجد شعیب کی 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

امجد شعیب کے وکلا  نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کردی۔ان کا کہنا تھا کہ امجد شعیب نے ایک مخصوص صورتحال سے متعلق صرف مثال دی تھی  اور انہیں ہراساں کرنے کے لیے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ دائرکیا گیا ہے۔
سابق سیکرٹری دفاع  لیفٹینٹ جنرل نعیم خالد لودھی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوۓ کہا کہ جنرل (ر) امجد شعیب پر  لگائے الزامات کھوکھلے ہیں کیونکہ انہوں نے براہ راست خود اپنی گفتگو میں کوئی عوام سے حکومت مخالف اپیل نہیں کی تھی۔

نعیم خالد لودھی کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی ریٹائر جنرل کو آزادی رائے کے اظہار پر گرفتار کیا گیا ہو۔اس سے قبل جنرل اسد دررانی پر کتاب لکھنے پر فوجی عدالت میں ملک مخالف سرگرمیوں کے تحت مقدمہ چلایا گیا  لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔

وکلا کے دلائل کے بعد،عدالت نے امجد شعیب کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور  کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ امجد شعیب کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔حالیہ عرصے میں کئی سیاسی رہنماؤں شہباز گل، عاظم  سواتی، فواد چودھری  اور صحافی عمران ریاض کو عوام کو ملکی اداروں کے خلاف اکسانے  کے الزامات تحت درج کیسوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here