جون 26, 2023
تحریر: شوکت کورائی
کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں خواتین کے لئے پہلی مویشی منڈی قائم کردی گئی ہے، مویشی منڈی میں خواتین خود قربانی کے جانور خرید بھی سکتی ہیں اور قربانی کے جانور فروخت بھی کر سکتی ہیں۔ یہ مارکیٹ، ناردرن بائی پاس پر تیسر ٹاؤن میں، شادمان نمبر 2 اور سرینا موبائل مارکیٹ کے قریب واقع ہے۔
اس مارکیٹ ک چیف آرگنائزر رقیہ فرید، جو ایک سماجی کارکن بھی ہیں کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کو یہ سہولت فراہم کرنا چاہتی ہیں تاکہ وہ بھی خود اپنی پسند کے قربانی کے جانور خرید سکیں۔
مویشی منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مویشی منڈی قائم کرنے سے خواتین کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ رقیہ فرید کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا بھی ہے جو دیہی علاقوں میں سال بھر جانوروں کی پرورش اور دیکھ بھال کرتی ہیں لیکن انہیں فروخت کرنے پر منافع کا مناسب حصہ نہیں ملتا۔
“اس مارکیٹ کا بنیادی مقصد خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی محنت کا مظاہرہ کریں اور اپنے مویشیوں سے معقول آمدنی حاصل کریں۔ وہ ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں اور اپنی مویشی پالنے کی مہارت کو بہتر بنانے کے لیے خیالات کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔
مویشی منڈی میں خواتین اور بچے بہت خوش اور جانوروں سے کھیلتے ہوئے نظر آئے، جانور خریدنے کی خواہش رکھنے والی خاتون رابعہ کا کہنا ہے کہ خواتین کے لئے قائم کی گئی مویشی منڈی کو دیکھ کربہت اچھا لگا ہے کیونکہ یہاں آتے ہوئے کوئی ڈر نھیں لگا، خواتین کے لئے بڑا ہی ساز گار ماحول ہے۔
کراچی کی مکین روبینہ نے مویشی منڈی میں اپنے جانور فروخت کرنے کے لیے لائی ہیں. ان کا کہنا تھا کہ جانور پالنا اور ان کو فروخت کرنا روبینہ کا خاندانی کاروبار تھا لیکن ن کے والد کے انتقال کے بعد ان کے لئے قربانی کے جانور فروخت کرنا نا ممکن ہو گیا تھا. خواتین کے لئے مویشی منڈی قائم ہونے کے بعد اب وہ خود ہی جانور فروخت کر رہی ہے اور اس سے ان کو کافی مالی فائدہ ہوا ہے۔
مویشی منڈی میں خواتین سمیت مردوں نے بھی جانوروں کے فروخت کے لئے اسٹال قائم کر رکھے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کم قیمت پر جانور خرید لیتی ہیں کیوں کہ وہ زیادہ بارگینگ کرتی ہیں۔
مویشی منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے خواتین کے لئے الگ مویشی منڈی قائم کرنے کو سراہا جا رہا ہے، لیکن اسے مزید کامیاب بنانے کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا۔