۱۸ جولائی ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
وفاقی وزیر براۓ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ حتمی نہیں کیا ہے بلکہ یہ ابھی یہ صرف ایک تجویز ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ پابندی کی طرف جانا ہے یا ابھی اس اقدام کو موخر کرنا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزۓ جہانگیر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ کابینہ میں لے کر جانے سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف سیاسی اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔
پچھلے سال سیاسی ماحول بہتر کرنے کیلئے پی ٹی آئی پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا
پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ کابینہ میں لانے سے پہلے وزیر اعظم سیاسی مشاورت کریں گے
اعظم نذیر تارڑ وزیر قانون@MunizaeJahangir @pmln_org#BanningPTI #PoliticalConsultation pic.twitter.com/AFcfg1CyPT
— SpotLight AajTv (@SpotlightAajtv) July 17, 2024
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پندرہ جولائی کو کانفرنس کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے ریفرنس آئین کے آرٹیکل سترہ کے تحت سپریم کورٹ میں بھجوا جاے گا. انھوں نے سائفر، فارن فنڈنگ اور دیگر مثالوں کی روشنی میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ عمران خان اور ان کی جماعت ملکی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں۔
پچھلے برس سیاسی ماحول بہتر کرنے کے لئے پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا.اس کے علاوہ عطا تارڑ نے سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے وقت قومی اسمبلی توڑنے پر آرٹیکل چھ لگانے کی کاروائی شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔
تاہم اس اعلان کے بعد حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں سمیت جے یو آئے ف اور اے این پی نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے حکومتی عزم کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری رویہ قرار دیا تھا.اس سوال کے جواب میں کہ کیا حکومت نے پابندی کے لئے ریفرنس بھیجنے سے متعلق کیا وزیر قانون سے مشاورت کی تھی، اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ان سے مشاورت پچھلے برس ہوئی تھی لیکن تب سیاسی طور پر یہ فیصلہ ہوا تھا کہ ابھی یہ کام نہ کیا جاے. تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میٹریل موجود تھا لیکن سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے پی ٹی آئی پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنےاور نو مئی کے واقعات کے بعد پابندی کی طرف معاملات کو لے جایا جا سکتا ہے لیکن سیاسی اور قانونی فیصلہ ہوگا اور وہ اس حوالے سے اپنی رائے کابینہ کے اجلاس میں ہی دیں گے۔
آرٹیکل چھ کے مقدمے کا معاملہ بھی پارلیمان میں جاے گاتحریک انصاف کے رہنماؤن پر آرٹیکل سکس لگانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد کے دوران اسمبلی تحلیل کرنے پر کاروائی کرنا ایک جینون معاملہ ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں یہ کہا تھا کہ یہ اقدام آرٹیکل چھ کے زمرے میں آتا ہے. تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ آرٹیکل چھ کے تحت مقدمات بنانے کا فیصلہ بھی حتمی نہیں ہے اور اس پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اس کو پارلیمنٹ میں لے جایا جاے گا اور وہاں اس پر بحث کی جاے گی۔
مخصوص نشستوں کے کیس میں عدلیہ نے سیاسی جماعت کو مظبوط ہونے کا موقع دیا.سپریم کورٹ کی طرف سے مخصوص نشستوں کے معاملے پر دیے گے حکومت مخالف فیصلے پر رد عمل ہوئے وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک نئی سکیم متعارف کروا دی ہے اور اس میں معاملہ آئین کی ری رائٹنگ سے بھی آگے چلا گیا ہے. یہ ریویو کے لئے ایک فٹ کیس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ادی النظر میں مخصوص نشستوں کا فیصلہ آئینی اور قانونی سے زیدہ سیاسی ہے جس سے ایک سیاسی جماعت کو دوبارہ سے مضبوط ہونے کا موقع دے دیا گیا ہے. ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کیس کے دوران صرف خیبر پختون خواہ کے ممبران صوبائی اسمبلی کو سنا تھا لیکن باقی صوبوں کے ایم پی ایز کو نہیں سنا گیا تھا اس لئے پنجاب اور باقی صوبوں کے ایم پی ایز بھی نظر ثانی کی درخواست دائر کریں گے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی کے حوالے سے ہونے والی تنقید کو بھی غیر ضروری قرار دیا اور کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت ایڈ ہاک ججز لا کر مخصوص نشستوں کے مقدمے پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے، ان کو شاید قانون کا علم ہی نہیں. انہوں نے واضح کیا کہ نظر ثانی کی درخواستیں وہ ہی تیرہ ججز سنیں گے جنہوں نے پہلے مقدمہ سن کر فیصلہ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی حکومت نے نہیں کرنی بلکہ یہ فیصلہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کرنا ہے. ان کا کہنا تھا کہ وہ بطور وزیر قانون ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی کے حق میں ہیں کیوں کہ سپریم کورٹ میں کیسز بالخصوص سیاسی مقدمات کا بوجھ زیادہ ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کو انصاف نہیں مل رہا۔