۲۷ جولائی ۲۰۲۴

تحریر : اعتزاز ابراہیم


لاہور

پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں خاتون کا اس کے شوہر اور ڈھائی سالہ بیٹی کے سامنے گن پوائنٹ پر ڈاکوؤں کا مبینہ طور پر گینگ ریپ ۔یہ واقعہ 24 جولائی کو ضلع حافظ آباد میں سکھیکی کے قریب پیش آیا جب چنیوٹ کا رہائشی شاہد علی اپنے رشتہ داروں سے ملکر واپس چنیوٹ اپنے گھر جا رہا تھا۔ بیوی اور ڈھائی سالہ بیٹی بھی شاہد علی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی کہ بانس کے کھیت کے دائیں جانب تین افراد نے اسلحے کے زور پر انہیں روکا اور زبردستی بانس کے کھیت میں لے گئے اور بیوی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کے مطابق شاہد علی نے بتایا کہ جب میں نے روکنے کی کوشش کی تو میرے سر پر گن رکھ کر کہا کہ اگر آپ نے مزاحمت کی تو آپ کو اور آپ کی بیٹی کو قتل کردیں گے۔

ایف آئی آر میں شاہد علی نے بتایا کہ ایک ڈاکو جو اسلحے کے بغیر کھڑا تھا اس نے میرے اور میری بیٹی کے سامنے میری بیوی کے کپڑے اتارنے شروع کر دیے اور زبردستی ہمارے سامنے زیادتی کرنے لگا۔ دو ڈاکو میرے اوپر پستول تان کر کھڑے رہے۔ زیادتی کرنے کے بعد تینوں ڈاکوؤں نے مجھے اور میری بیوی کو کہا اب چپ کرکے یہاں سے چلے جاؤ اگر کسی سے اس بات کا ذکر بھی کیا تو قتل کر دیں گے۔ ہم وہاں سے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر نکل آئے۔

زیادتی کے واقعہ کے بعد حافظ آباد اور ننکانہ صاحب اضلاع کے پولیس حکام تھانے کی حدود میں الجھ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے باعث ملزمان کے خلاف مقدمہ کے انداراج تاخیر کا شکار ہوئی۔ حافظ آباد پولیس کے مطابق جائے وقوعہ ضلع ننکانہ کی پولیس کی حدود میں آتا ہے جب کہ ننکانہ پولیس کے مطابق علاقہ حافظ آباد کی پولیس کی حدود میں آتا ہے۔

ترجمان حافظ آباد پولیس محمد شاہد کا وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’ پولیس نے سکھیکی کے علاقے سے پانچ سے زائد مشتبہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ علاقے کی جیو فینسنگ کی جاچکی ہے ۔ متاثرہ خاتون کےسیمپل فارنزک لیب لاہور بھجوادیے گئے ہیں۔‘‘

حدود کے تنازع کے سوال پر ترجمان حافظ آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ’’ واقعہ حافظ آباد کی حدود میں نہیں ہوا، ننکانہ صاحب سانگلہ ہل میں ہوا، حدود کے تعین کے حوالے سے ابھی کام جاری ہے جلد اس کے حوالے سے فیصلہ ہو جائے گا لیکن اس سے کیس کی تفتیش میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار کے حکم پر تھانہ سکھیکی منڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ قانونی طور پر اگر یہ حدود دوسرے ضلع میں آئی تو ہر چیز وہاں منتقل ہو جائے گی‘‘۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here