١٣ جولائی ۲۰۲۴
تحریر : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پنجاب کے شہر ملتان کے علاقے چوک کمہارانوالہ میں سید علی رضا نامی شخص نے مبینہ طور پر تشدد کر کے اپنی جوان حاملہ بیوی سیدہ ثانیہ زہرا کو قتل کر دیا ۔ہلاکت کے واقعہ کا مقدمہ لڑکی کے والد اور امام بار گاہ ابوالفضل کےمتوالی سید اسد عباس شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔
ایف آئی آر میں شوہر علی رضا کے علاوہ ان کے بھائی علی حیدر ، بہن سیدہ کنول ، والدہ سیدہ عذرا بی بی، باپ جیون آفتاب اور علی رضا کی پہلی بیوی سیدہ دعا کو نامزد کیا گیا ہے۔ تاحال ابھی تک کسی بھی ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ۹ جولائی کی صبح ۹ بجے سائل (سید اسد عباس شاہ) کو تھانہ نیو ملتان کے ایس ایچ او کی جانب سے کال موصول ہوئی کہ وہ سیدہ ثانیہ زہرہ کے سسرال پہنچے جس پر ثانیہ کی والدہ اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ وہاں پہنچے تو دیکھا کہ سیدہ ثانیہ زہرا کے گلے میں مردانہ صافہ ڈال کر پنکھے کے ساتھ لٹکا کر بیڈ کے اوپر بینچ رکھ کر گھٹنوں کے بل بیٹھایا ہوا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ موقع پر موجود ڈٓاکٹر نے بتایا کہ ثانیہ کا جبڑا ٹوٹا ہوا پایا گیا۔ ٹانگوں پر رسی باندھنے کے نشانات کے علاوہ تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ ثانیہ زہرا کے دائیں رخسار پر خون جمنے کے نشانات کے ساتھ دائیں آنکھ زخمی اور پسلیوں پر بھی زخم کے نشانات موجود تھے جبکہ وہ پانچ سے چھ ماہ کی حاملہ بھی تھی البتہ بچہ ماں کے پیٹ میں ہی فوت ہوگیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ سید علی رضا پہلے سے شادی شدہ تھا اور ثانیہ سے دھوکے سے شادی کی۔ جس کے بعد وہ پہلی بیوی کو بھی اسی گھر لے آیا۔ علی رضا اکثر ثانیہ پر تشدد کرتا تھا جس پر ثانیہ کی طرف سے فیملی کورٹ میں حق المہر کا دعوی دائر کیا گیا جس کو بعد میں بچوں کی خاطر صلح کر کے واپس لے لیا گیا۔
اس واقعہ کے بعد علی رضا ثانیہ زہرا پر مسلسل دباؤ ڈالتا رہا کہ وہ اپنے والد سے جائیداد میں اپنا حصہ لے کر اس کے حوالے کریں۔ جائیداد ہتھیانے کی خاطر اس نے ثانیہ پر تشدد کر کے قتل کر دیا اور واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
ثانیہ کے والد سید اسد عباس کا وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’بیٹی کا قتل ہوئے پانچ دن ہوگئے ہیں ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا، آج قبر کشائی ہوئی اور پوسٹ مارٹم ہوا ۔ پوسٹ مارٹم ٹیم نے موقع پر ملاحظہ کر کے انہیں بتایا کہ خودکشی کے پھندے سے جو گردن کی ہڈی ٹوٹتی ہے وہ محفوظ ہے۔ اگر میری بیٹی خود کشی کرتی تو میرے داماد نے مجھے فون کیوں نہیں کیا ۔ اس نے پولیس کو کیوں فون کیا اور جعلی کرائم سین بنانے کی کوشش کی جس میں ناکام رہا۔ موقع پر لاش کے نیچے بینچ رکھا ہوا تھا۔ موقع سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا بھی جاسکتا ہے کہ لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ہے اور بیڈ کے اوپر لاش کو بینچ پہ گھٹنوں کے بل بیٹھایا ہوا تھا۔ اس طرح کیسے خودکشی ہوتی ہے‘۔
واقعہ کے بعد ہی پوسٹمارم نہ کروانے کے سوال پر اسد عباس کا کہنا تھا کہ ’ میں محرم الحرام میں امام بارگاہ کی مصروفیات کی وجہ سے کرائم سین پر نہ جاسکا لیکن جب بعد میں کرائم سین کی ویڈیو دیکھی تو میں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور مقدمہ درج کراویا۔‘
ترجمان ملتان پولیس عبدالخالق کا وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ آیا یہ خودکشی تھی یا کہ قتل ہوا ہے۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا ۔ شواہد اور تحقیقات کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ اصل واقعہ کیا ہوا ہے۔ آج عدالتی حکم پر قبر کشائی کی گئی اور جلد ہی پوسٹمارم رپورٹ سامنے آجائے گی‘۔