۱۶ آگست ۲۰۲۴
تحریر : اعتزاز ابراہیم
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے یوٹیوبر عون علی کھوسہ کی بازیابی سے متعلق عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر آج سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے خدیجہ صدیقی ایڈووکیٹ پیش ہوئیں اور عدالت کو بتایا کہ مغوی ڈیجٹیل کنٹینٹ کریٹیر ہیں، طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں ویڈیوز بناتے ہیں۔
بازیابی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 14 اگست کی رات دو بجے کے قریب پولیس اہلکار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس چہرے پر ماسک پہنے نامعلوم افراد نے عون علی کھوسہ کے فلیٹ کے دروازہ پر دستک دی ۔استفسار پر انہوں نے بتایا کہ پارکنگ ایریا میں عون علی کی گاڑی کو حادثاتی طور پر نقصان پہنچا اور انہوں نے فلیٹ سے باہر آکر گاڑی کا معائنہ کرنے کا اصرار کیا اور اسی دوران فلیٹ کا دروازہ توڑتے ہوئے اندر داخل ہوگئے۔ اور مغوی پر تشدد کرتے ہوئے انہیں بلیک ریوو اور فارچیونر پر بیٹھا کر فرار ہوگئے۔
درخواست پر سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شہباز رضوی نے کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) بلال صدیق کیمانہ کو 20 اگست تک یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو باز یاب کرواکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار وکیل بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ

’اگر لوگوں کو ہنسانا بھی جرم ہے تو جعلی حکومت کو اقتدار چھوڑ دینا چاہئے، بہت ہی نازک انا ہے ، مزاحیہ خیز گانے سے انا کو ٹھیس پہنچ گئی۔ عون علی کھوسہ کو اغوا کر کے پوری دنیا میں بدنام ہو رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کے بھاری بلوں کے حوالے سے ’بل بل پاکستان‘ گانا بنانے والے معروف یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو 14 اگست کی رات مبینہ طور پر نامعلوم افراد کی جانب سے اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کے بعد سے ان کے یوٹیوب چینل سے مذکورہ گانا بھی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عون کھوسہ کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’’پاکستانی عوام کو جینے دیں، ہماری اخلاقی اقدار اور جمہوریت کو مزید تباہ نہ کریں۔اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عون کھوسہ اور تمام مغوی لوگوں کو رہا کیا جائے کیونکہ یہ ناقابل قبول اورغیر قانونی ہے۔‘‘