24 آگست 2024
تحریر:نازیہ سلارزائی
باجوڑ
گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خار باجوڑ کا افتتاح اس وقت کے گورنر لیفٹننٹ جنرل (ر) سید افتخار حسین شاہ نے ایک پرانے سرکاری ہسپتال کی عمارت میں کیا تھا کیونکہ کالج کی اشد ضرورت تھی لیکن تاحال کالج کی وہی عمارت ہے۔
ٹرانسپورٹ کا مسٔلہ:
قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل نواگئ سے تعلق رکھنے والی زکیہ (فرضی نام) نے وائس پی کے کو بتایا کہ ہماری تحصیل نواگئ تحصیل خار سے کافی دور ہے ٹرانسپورٹ کا بھی مسٔلہ ہے اور نا ہی ہمارے علاقے سے اور لڑکیاں کالج جاتی ہیں، میں ہر روز والد کے ساتھ کالج جاتی تھی جو میرے لیے مشکل تھا اسی وجہ سے میں نے اپنی نانی کے گھر سے کالج جانے کا فیصلہ کیا اور اب میں اپنی نانی کے گھر خار میں رہتی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں زکیہ نے بتایا کہ میرے پاس تعلیم کے حصول کا یہی واحد زریعہ تھا اگر میں ایسا نا کرتی تو میری تعلیم ادھوری رہ جاتی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بس ہمارے کالج کو دے دی گئی تھی مگر وہ لڑکیوں کو سٹاپ پر اترواتی تھی جس کو لڑکیوں کے والدین نے قبائلی روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹیاں سڑک پر اتر کر گھروں کو جائیں یہ مناسب نہیں اس لئے اب لڑکیاں بس استعمال نہیں کرتیں ۔
کیا والدین اپنی بچیوں کی تعلیم چاہتے ہیں:
زکیہ نے بتایا کہ وقت بدل چکا ہے لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلیاں آ چکی ہے، اب جب ہمارے والدین اپنی بیٹیوں کو کسی نہ کسی حد تک اجازت دینے تو لگے ہیں لیکن تعلیمی سہولیات بالکل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اُس نے بتایا کہ شروع میں مجھے بھی اجازت نہیں ملی تھی لیکن بعد میں پھر ملی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ٹرانسپورٹ سسٹم صحیح ہوتا، کالج نزدیک ہوتا اور یا ایک سے زیادہ کالج ہوتے تو والدین آخر کس حد تک انکار کرتے؟ اُس نے بتایا کہ لڑکیوں کو دل برداشتہ نہیں ہونا چاہیے اور اپنی تعلیم جاری رکھنی چاہیے کیونکہ ایک نہ ایک دن ہمیں اس کا صلہ ضرور ملے گا۔
کالج کی عمارت:

کالج کی عمارت کے حوالے سے اس کالج کی لیکچرر رخسانہ (فرضی نام) نے وائس پی کے کو بتایا کہ کالج کی عمارت پرانی ہے چونکہ یہ کالج پہلے ہسپتال تھا اس لئے اس کے کمرے انتہائی چھوٹے ہیں اور کمرے وارڑ رومز، سائیڈ رومز اور پرائیویٹ رومز کے طرز پر ہیں جو کالج کے لیے نامناسب ہے۔
حاضری انتہائی کم کیوں ؟؟؟
لیکچرر رخسانہ نے بتایا کہ کالج میں حاضری انتہائی کم ہے۔ کالج باجوڑ کے مرکزی علاقہ خار میں واقع ہے جس میں قریبی علاقوں کی طالبات توآ جاتی ہیں لیکن دور دراز علاقوں اور تحصیلوں سے آنے والی طالبات کی تعداد انتہائی کم ہے۔ایف اے میں طالبات کی تعداد 220 ہے جبکہ ایف ایس سی میں یہ تعداد 435 ہے
بی ایس کے محض دو پروگرامز چل رہے ہیں، بی ایس باٹنی اور بی ایس اسلامیات، اس میں طالبات کی تعداد محض 310 ہے جب کہ پہلے بیچ میں محض 9 طالبات تھیں۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جتنی اینرولمنٹ اس کالج کی ہے اتنی تو دوسرے کالجز کی محض ایک کلاس کے ایک سیکشن کی ہوتی ہے۔
سٹاف کی کمی:
لیکچرررخسانہ نے بتایا کہ کالج میں موجودہ سٹاف کی تعداد 21 ہے جو انتہائی کم ہے۔ جو سٹاف ہے وہ بھی زیادہ تر غیر مقامی ہے اور وہ بھی تبادلہ کرانے کی کوشش میں رہتی ہیں جیسے ہی ان کا تبادلہ ہو جاتا ہے تو سٹاف مزید کم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایس لیول پر ہمارے پاس سٹاف بالکل نہ ہونے کے برابر ہے، کیونکہ بی ایس لیول پر 17 گریڈ کی ٹیچرز سبجیکٹس پڑھاتی ہے جبکہ بی ایس لیول پر اسسٹنٹ پروفیسرز اور پروفیسرز کو سبجیکٹس پڑھانے چاہیے۔ انگلش سبجیکٹ کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ انگلش سبجیکٹ کی ٹیچر نہ ہونے کی وجہ سے سٹیٹسٹک کی ٹیچر انگلش پڑھاتی ہے، جبکہ لاء (قانون) اور پولیٹیکل سائنس کے سبجیکٹس پاک سٹڈیز کی ٹیچر پڑھاتی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ فزکس کی ٹیچر ریاضی پڑھاتی تھی مگر اب ریاضی کی ٹیچر آ چکی ہے۔ کیمسٹری کی ٹیچر ایک تھی اور کلاسز زیادہ تھی تو فزکس والی ٹیچرکیمسٹری بھی پڑھاتی تھی اب آپ خود سوچیں جب ہمارا تعلیمی نظام ایسا ہوگا تو باجوڑ کی لڑکیوں کے لیے ااعلی تعلیم تو پھر ایک خواب ہی ہوگا۔
بی ایس پروگرام:
بی ایس پروگرام سے متعلق رخسانہ نے بتایا کہ ہمارے کالج میں بی ایس کے محض دو پروگرامز چل رہے ہیں بی ایس باٹنی اور بی ایس اسلامیات، اور دونوں پروگرامز میں ہم صرف 40، 40 طالبات کو داخلہ دے سکتے ہیں جبکہ ایف اے، ایف ایس سی فارغ ہونے والی باقی طالبات داخلہ لینے سے محروم رہ جاتی ہیں جو کہ سراسر بے انصافی ہے۔ طالبہ زکیہ نے بتایا کہ میں چاہتی ہوں کہ بی ایس پولیٹیکل سائنس میں داخلہ لو مگر جب یہ سبجیکٹ سرے سے ہے ہی نہیں تو میری خواہش، خواہش ہی رہ جائے گی۔ اُس نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی تو ہے ہی نہیں جس میں بی ایس کے تمام پروگرامز پڑھائے جاتے اور نا ہی ہم اسکا سوچ سکتے ہیں کیونکہ پرائمری مڈل اور سیکنڈری ایجوکیشن کا یہ حال ہے تو یونیورسٹی تو ایک خواب سا لگتا ہے۔
رخسانہ نے بتایا کہ بی ایس باٹنی کو پڑھانے کے لیے کوئی ریگولر ٹیچر نہیں ہے بلکہ پی ایم یو (پراجیکٹ مینیجمنٹ یونٹ) کی تعینات ٹیچر پورا بی ایس باٹنی ڈیپارٹمنٹ چلاتی ہے، اس طرح بی ایس اسلامیات کے پورے ڈیپارٹمنٹ کو ریاضی کی ایک ٹیچر چلاتی ہے جبکہ یہی ٹیچر ریاضی کی بھی ایک کلاس لیتی ہے۔
برائے نام لیبارٹری :
رخسانہ نے بتایا کہ کالج کی لیبارٹری برائے نام ہے نا تو اس میں پریکٹیکلز ہوتے ہیں اور نا ہی کوئی دوسری سرگرمی، لیبارٹری کا سارا سامان خراب اور ایکسپائرڈ ہو چکا ہے۔
آرٹیکل 8 تا 28:
اس حوالے سے قبائلی ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی ہما امان مہمند، ایڈوکیٹ پشاور ہائی کورٹ نے وائس پی کے کو بتایا کہ پاکستان کے آئین میں آرٹیکل 8 تا 28 بنیادی انسانی حقوق کے بارے میں ہے ہما نے آرٹیکل 25 کا بھی حوالہ دیتے ہوۓ بتایا کہ اس آرٹیکل کے تحت تمام انسان برابر ہیں اور کوئی بھی خواتین سے ان کے تعلیم کے حصول کا حق چھین نہیں سکتا ہے۔ باجوڑ کا یہ واحد گرلز ڈگری کالج ہے جسمیں سہولیات نا ہونے کے باوجود بھی طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہے انھوں نے مطالبہ کیا کہ طالبات کو تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بھی تعلیم حاصل کر سکیں ۔
اس نے مزید بتایا کہ وقت بدل چکا ہے باجوڑ کی لڑکیاں تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو پا رہا ہے اکثر لڑکیوں کے والدین بھی چاہتے ہیں کہ اُنکی لڑکیاں تعلیم حاصل کریں لیکن قبائلی روایات آڑے میں آ جاتی ہیں۔ جہاں پر لڑکیوں کو نزدیک سکولوں کے لیے نہیں چھوڑا جاتا تو دوردراز کے کالج جانا تو ممکن ہی نہیں ۔
