۱۲ آگست ۲۰۲۴

تحریر : اعتزاز ابراہیم


لاہور

گوادر دھرنے کے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد بی وائے سی گوادر سے کوئٹہ واپسی پر مختلف مقامات پر جلسوں کا انقعاد کر رہی ہے۔ گزشتہ رات نوشکی میں جلسہ کیا گیا۔ اس سے قبل تربت، گریشہ، سوراب میں بی وائے سی جلسے کر چکی ہے۔

بی وائے سی کے مطابق ان جلسوں کا مقصد بلوچ راجی مچی کی حمایت کرنے پر کارکنان کا شکریہ ادا کرنا اور تین کارکنوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ ان جلسوں میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین شریک ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی طرف سے28 جولائی کو گوادر میں بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف ’ بلوچ راجی مچی‘(بلوچ قومی اجتماع) جلسے کی کال دی گئی تھی جسے کارکنوں کی ہلاکتوں کے بعد مطالبات کی منظوری تک دھرنے میں تبدیل کیا گیا تھا جو کہ 12 روز جاری رہا۔ جسے صوبائی حکومت کی طرف سے مطالبات تسلیم کرنے پر ختم کر دیا گیا۔

تسلیم کئے جانے والے مطالبات میں:

1۔بلوچ راجی مچی کے تمام شرکاء جو گرفتار کیے گئے ہیں انہیں رہا کیا جانا شامل ہے۔

2۔شرکاء کے خلاف ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے گا۔

3۔راجی مچی میں ہلاک یا زخمی ہونے والے افراد کی ایف آئی آرز ذمہ دار سیکیورٹی افسران کے خلاف درج کی جائے گی، ایف آئی آر درج نہ ہونے کی صورت میں بی وائی سی قانونی چارہ جوئی کرنے اور دوبارہ دھرنہ دینے کا مکمل حق رکھتی ہے۔

4۔ گوادر اور مکران کی تمام شاہراہیں کھول دی جائیں گی اور نیٹ ورک بحال کیا جائے گا۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 5 آگست کوڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچ یکجہتی کیمٹی کی لیڈر شپ کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ مافیا کی پراکسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی اور اس کی قیادت دہشتگرد تنظیموں اور غیرقانونی کام کرنے والے عناصر کی پراکسی ہے جو بیرونی فنڈنگ لے کر فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کرتی ہے۔

جس پر بلوچ یکجہتی کیمٹی کے مرکزی رہنما بیبرگ بلوچ کا افسوک کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آپ کے پاس بیرونی فنڈنگ کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے کر آئیں۔ آپکو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ آپ بطور ادارے کے ترجمان یہ فیصلہ دیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here