٢٢ اگست ٢٠٢٤
تحریر: عصمت اللہ نیازی
لاہور
گزشتہ کئی ہفتوں سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار کے آہستہ ہونے کی وسیع پیمانے پر شکایات آج اس وقت تک موجود ہیں اور حکومتی سطح پر اسکی وضاحت کرنے والا کوئی اعلی عہدیدار یہ بتانے سے قاصر ہے آخر یہ ماجرہ کیا ہے۔ پاکستان میں عام پڑھے لکھے افراد، خاص کر نوجوان نسل مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم “ایکس” جو ماضی میں ٹویٹر کی نام سے جانا جاتا تھا اور آج بھی اسی کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ فروری کے وسط سے ہی پابندی کا شکار ہے۔ ٹویٹر پر پابندی کے حوالے سے عدالتی احکامات بھی نظرانداز کر دیئے گئے ہیں۔ تاہم سندھ ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ نے جواب میں کہا کہ ٹیوٹر پر پابندی کی دو وجوہات ہیں۔
پہلی وجہ قومی سلامتی، دوسرا یہ کہ ایکس یعنی ٹویٹر قابل اعتراض مواد کو ہٹانے سے انکاری ہے۔
٢٠١٨ سے سوشل میڈیا پر پابندیاں لگانے یا اسکے جاری کئے جانے والے مواد کو مختلف طریقوں سے کنٹرول کرنے کی کوشش کی گئی، جن میں صحافیوں اور اینکر پرسنز کی ٹرولنگ، گالی گلوچ، ہراسمنٹ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں سے لیکر مختلف صحافیوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں اور کارکنوں کی پرسرار گمشدگی، قتل اور قید میں رکھنے سے لیکر پاکستان الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 (پیکا) میں کالی ترامیم اور حال ہی میں ن-لیگ کی پنجاب کی منتخب حکومت کا “ہتک عزت” کا قانون 2024 کی منظوری ہے جس کے تحت حکومت کو اختیار ہے کہ وہ “Fake News” کے اجرا کرنے والے یا اسے پھیلانے والے کو خصوصی ٹریبونلز سے سزائیں دی جا سکے گی۔
دونوں قوانین کو کالا قانون قرار دیا جا رہا ہے اور اسے پریس کی آزادی اور آزادی اظہار رائے کے لئے شدید خطرہ کہا جارہا ہے۔ انٹرنیٹ کی رفتار کو قابو کرنے پر طویل خاموشی اور وزرا اور حکام کے حیلے بہانوں کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ نے عوامی اور تاجر برادری کی شدید تنقید کے بعد یہ مان لیا کہ ویب منجمنٹ سسٹم کو تبدیل کر کے اب فائر وال کا نظام لگایا جا رہا ہے جو اب دنیا بھر میں رائج ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہہ ڈالا کہ “Virtual Private Network” (وی پی این) کے زیادہ استعمال کی وجہ سے بھی انٹرنیٹ کی رفتار سست روی کا شکار ہوئی۔
لیکن سوال یہ ہے کہ وی پی این فروری سے ٹویٹر کے لئے استعمال ہو رہا ہے لیکن انٹرنیٹ پر بوجھ اب کیوں؟ دنیا بھر میں حکومتیں وی پی این کے استعمال کو ناپسندیدگی سے دیکھتی ہیں، کیوںکہ اس کے استعمال سے سوشل میڈیا کے اُن صارفین کی تلاش میں دقت ہوتی ہے جو قوانین کی خلاف ورزی یا کسی سنگین جرم میں ملوث ہوں۔ لیکن پاکستان میں گزشتہ چھ ماہ سے ایکس پر پابندی کی وجہ سے صارفین تو کیا وزیر اعظم سے لیکر حکومت کا ہر عہدیدار وی پی این ہی استعمال کر رہا ہے اور نہ جانے کب تک کرتا رہے گا، کیوںکہ معاملہ قومی سلامتی کا ہے۔
سوشل میڈیا پر صرف نفرت آمیز مواد ہی جاری نہیں ہوتا، بلکہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا محققین اور سکالرز کے لئے تحقیق کا اہم ترین ذریعہ بھی بن چکا ہے۔ اخبارات اور رسائل پڑھے جاتے ہیں۔ نوجوان نسل جو آبادی کے تین تہائی ہیں، انہیں ڈگریاں اور ہنرمند ہونے کے باوجود شدید بیروزگاری کا سامنا ہے۔ لے دے کر اگر انہیں آن لائن گھر سے بیٹھ کر فری لانس کام کے مواقع مل جاتے ہیں تو وہ نہ صرف زرمبادلہ کما رہے ہیں بلکہ اپنا گھر بار بھی چلا رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انٹرنیٹ کی بندش سے صرف دو چار روز میں ہی ملک کو تیس کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا، اور نقصان کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ بلکہ اس خدشے کا اظہار بھی کیا جارہا ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو فری لانس پورٹیلز اور کاروباری ادارے دبئی منتقل ہو جائیں گے جس سے بیروزگاری کا طوفان کھڑا ہو جائے گا، جو شاید قومی سلامتی کے لئے زیادہ بڑا خطره ثابت ہو۔ وہ کہتے ہیں نہ کہٕ “افراد ہیں تو ملک ہےٕ، ملک ہے تو ادارے ہیں”۔
اقوام متحدہ نے digital rights یعنی “برقیاتی حقوق” مختلف قراردادوں، عالمی قوانین، اور ڈیکلریشنز کے ذریعہ نہ صرف تسلیم کیا ہے بلکہ انہیں تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔ ان میں ١٩٤٨ کا انسانی حقوق کا ڈیکلریشن، سول اور سیاسی حقوق کا کنونشن ١٩٦٦، انسانی حقوق کے دفاع کا ١٩٩٨کا ڈیکلریشن، انٹرنیٹ پر تشہیر، تحفظ اور تفریح کی ٢٠١٢ کی قرارداد، اور برقیاتی دور میں حقوق اور رازداری کے حوالے سے ٢٠١٣ کی قرداد اہم ترین ہیں۔ ان قراردادوں اور ڈیکلریشنز پر عمل درآمد کا پاکستان پابند ہے۔
اگر ہم نے اقوام عالم میں باوقار رکن کی حیثیت میں رہنا ہے اور ملک کو آگے بڑھانا ہے تو اقوام متحدہ کے حقوق کی نہ صرف پاسداری کرنا ہوگی بلکہ ملک میں انکو فروغ بھی دینا ہوگا . انٹرنیٹ پرنئی اور تیزی سے پھیلتی ہوئی تبدیلی ” آرٹیفیشل انٹلیجنس” (AI) ہے جس نے بہت تیزی سے فروغ پانا شروع کر دیا ہے اور تفصیلات کے مطابق AI جس تیزی سے فروغ پا رہا ہے ، اس سے ناصرف کئی شعبوں میں ملازمتیں ختم ہو جائیں گی بلکہ روزگار کے حصول کو ایک نئی جہت ملے گی، اسکا تمام تر دارومدار انٹرنیٹ کی تیز ترین سپیڈ اور ملک کے کونے کونے میں اس کی بلارکاوٹ ترسیل سے ہی ہوگا.
قوانین ہوں یا رولز ریگولیشنز ، یا پھر ٹیکنالوجی کا استعمال ملک اور عوام کی فلاح کے لئے بنائے جاتے ہیں، ناکہ کسی مخصوص ادارے کو تنقید سے بچانے کے لئے اربوں روپے خرچ کر دئیے جائیں کیوںکہ انھیں تنقید پسند نہیں ، حالانکہ تنقید کے مثبت زاویوں کا جائزہ لیکر ادارے یا حکمران اپنی اصلاح کر سکتے ہیں۔۔۔