۱۹ آگست ۲۰۲۴

تحریر : اعتزاز ابراہیم


لاہور

14 آگست کی رات لاہور سے اپنی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر نامعلوم افراد کی طرف اغوا کئے جانے والے معروف یوٹیوبر و کامیڈین عون علی کھوسہ اتوار کی شب اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

عون علی کھوسہ کی فیملی ذرائع نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ خیریت سے گھر پہنچ گئے ہیں۔ البتہ فیملی نے عون علی کس کی تحویل میں تھے اور انہیں کہاں رکھا گیا تھا اس حوالے سے بات کرنے سے گزیز کیا۔

۱۴ آگست کے موقع پر عون کھوسہ نے پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی پر ایک طنزیہ گانا ’ بل بل پاکستان ‘ گایا تھا جس کو سوشل میڈیا پر کافی شہرت ملی۔ جس کے بعد وہ مبینہ طور لاپتا ہو گئے تھے۔ جس کے بعد یوٹیوب سے اس ویڈیو کو بھی حذف کر دیا گیا تھا۔

عون علی کھوسہ کی بازیابی کے لیے انکی بیوی بینش کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی۔ بازیابی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ’’ 14 اگست کی رات دو بجے کے قریب پولیس اہلکار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس چہرے پر ماسک پہنے نامعلوم افراد نے عون علی کھوسہ کے فلیٹ کے دروازہ پر دستک دی ۔استفسار پر انہوں نے بتایا کہ پارکنگ ایریا میں عون علی کی گاڑی کو حادثاتی طور پر نقصان پہنچا اور انہوں نے فلیٹ سے باہر آکر گاڑی کا معائنہ کرنے کا اصرار کیا اور اسی دوران فلیٹ کا دروازہ توڑتے ہوئے اندر داخل ہوگئے۔ اور مغوی پر تشدد کرتے ہوئے انہیں بلیک ریوو اور فارچیونر پر بیٹھا کر فرار ہوگئے۔‘‘

درخواست پر 16 آگست کو سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شہباز رضوی نے کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) بلال صدیق کیمانہ کو 20 اگست تک یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو باز یاب کرواکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ڈیڈ لائن دیے جانے کے بعد گھر پہنچ گئے۔

 

لاہور کے تھانہ اچھرہ میں 17 آگست کو یوٹیوبر عون علی کھوسہ کے اغوا کا مقدمہ ان کی بیوی بینش اقبال کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

تھانہ اچھرہ میں درج مقدمے کے متن کے مطابق 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب آٹھ سے دس مسلح نامعلوم افراد دروازہ توڑ کر عون کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے۔ اس میں الزام ہے کہ نامعلوم افراد کی طرف سے عون کو اغوا کیا گیا اور وہ ان کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کیمرہ بھی ساتھ لے گئے تھے۔

عون علی کھوسہ کے مبینہ اغوا کے بعد سول سوسائٹی ، انسانی حقوق کی تنظیموں ، سیاسی و سماجی شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان کے ہیومن رائٹس کمیشن (ایچ آر سی پی) نے جاری ایک بیان میں عون کے مبینہ اغوا کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ ہمیں خدشہ ہے کہ اس واقعہ کا تعلق بطور طنز نگار ان کے کام سے ہو سکتا ہے۔ اسے فوری طور پر بازیاب ہونا چاہیے۔‘‘

ایچ آر سی پی کے علاوہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی عون کی بازیابی کا مطالبہ کیا ۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے ایکس آفیشل پیج پر عون علی کی واپسی پر پوسٹ کی گئی جس میں اللہ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ دعا کی گئی کے تمام سیاسی قیدی بھی رہا ہو۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here