۱۹ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
14 اگست کو اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم مبینہ طور پر لاپتہ ہوئے، جس پر تمام میڈیا پر خبریں گردش کر رہیں تھیں کہ محمد اکرم کو سیکیورٹی اداروں کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے، اور یہ الزام عائد کیا گیا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی محمد اکرم کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سہولتکاری کی ہے۔ جس پر ان کو عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ محمد اکرم کے لاپتہ ہونے کے بعد ان کی اہلیہ میمونہ ریاض کو انتظامیہ کی جانب سے ان کی سرکاری رہائش کو خالی کرنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔
گمشدگی کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی اہلیہ میمونہ ریاض نے عدالت سے رجوع کیا اور لاہور ہائیکورٹ کی راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی۔بدھ کے روز ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی، سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی۔ درخواست گزار میمونہ ریاض کی وکیل ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کی تفتیشی رپورٹ زیرو رہی ہے، جبکہ پولیس کیس میں تاخیر کر رہی ہے۔
جبکہ پولیس کی جانب سے لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی لوکیشن کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی، عدالت نے پولیس کی تفتیش کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع اور داخلہ سے جواب طلب کرلیا اور اگلی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو 14 اگست کو اڈیالہ آفیسرز کالونی سے جبراً لاپتہ کیا گیا۔ کورٹ پروسیڈنگ میں واضح ہوگیا کہ پنجاب پولیس اکرم کو بازیاب کرانے کی کوئی کوشش نہیں کر رہی، بلکہ اغوا کاروں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے۔ صدر بیرونی تھانے نے ستمبر کے مہینے میں صرف تین دفعہ اکرم کی فائل کھولی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ڈی آر کے مطابق اکرم صاحب کا فون اسلام آباد کے سیکٹر G-13 کی لوکیشن دکھا رہا تھا۔ یاد رہےکہ فیضان عثمان کی حبسِ بیجا کی درخواست میں بھی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ G-13 کی لوکیشن آئی تھی۔ پتا لگایا جائے کہ وہاں کس کا سیف ہاؤس ہے۔