۲ ستمبر ۲۰۲۴
رانا مالہی
اسلام آباد
پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی۔درخواست گزار فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق، عدالتی معاون زینب جنجوعہ، سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل روسٹرم پر آ گئے
سماعت کے آغاز میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی معاون کے دلائل پر ہمیں امریکی وکیل سے کچھ معلومات درکار ہونگی۔جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر اظہارِ برہمی کیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ چیزوں کو کنفیوز نہ کریں، سیدھا سادہ جواب دیں آپ رپورٹ جمع کریں گے؟
جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا میں صرف حکومتی رائے عدالت کو بتا رہا ہوں۔اس پر عدالتی معاون زینب جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ 28 تاریخ کو ہی مسٹر سمتھ نے اپنا جواب جمع کرایا ہے۔عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ کے امریکی وکیل کلائو سمتھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ڈاکٹر فوزیہ کی جانب سے امریکہ میں کیس لڑ رہے ہیں، آپ امریکہ میں کیس تو لڑ رہے ہیں مگر ہماری حکومت آپ کے ساتھ نہیں، اور مہلت پر مہلت مانگ رہی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک امریکی وکیل کہہ رہے کہ آئی ایس آئی نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا، ایک غیر ملکی وکیل ڈاکٹر عافیہ کا کیس لڑ رہے ہیں مگر ہماری حکومت کیا کررہی ہے؟جس پر عدالتی معاون نے کہا میں امید رکھتی ہوں کہ وفاقی حکومت کوئی معقول حل نکالے گی۔
جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ تین سالوں سے یہ درخواست یہاں زیر سماعت ہے انہوں نے اب تک کیا کیا؟ دوگل صاحب جو کچھ ہورہا ہے، سب کو نظر آرہا ہے کہ کیا صحیح اور کیا غلط ہے، وفاقی حکومت یا وزارت خارجہ مسٹر سمتھ کے ساتھ عدالت میں کھڑے ہونے سے کترا رہی ہے۔اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ اور ڈاکٹر فوزیہ کے ساتھ کھڑی ہے، مگر حکومت ایک باقاعدہ پروسیجر کے تحت چلتی ہے،اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دوگل صاحب آپ یہ تقریر پارلیمنٹ میں کیوں نہیں کرتے، آپکی تقریر سیاست دان کی ہے۔
اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ امریکہ میں دائر درخواست ہمارے ساتھ اگر شئیر کی جائے تو ہمارے لئے آسانی ہوگی۔
جس پر ڈاکٹر فوزیہ کے امریکی وکیل نے کہا اگر انکو کاپی مل جائے تو یہ جواب جمع کرنے کےلئے کتنا وقت لگائیں گے؟
اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت ایک ہفتے سے آگے کا وقت نہیں دیگی، کابینہ اجلاس بلانا ہے جو بھی کرنا ہے کریں۔ سمجھیں یہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیس ہے۔اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے پانچ ہفتوں تک مہلت دینے کی استدعا کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی پانچ ہفتوں کی مہلت کی استدعا عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔