رپورٹ: رانا مالہی

اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے کراچی کمپنی کے تھانہ کے ایس ایچ او کو دو کمسن بچوں کو اغوا کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف مناسب کارروائی نہ کرنے پر معطل کرکے ڈیپارٹمنٹل کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعہ میں ملوث تھانہ شمس کالونی کے سب انسپکٹر صہیب کو معطل کرکے گرفتار کیا گیا ہے اور مناسب کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر صہیب پاشا نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال سے دو کمسن بچوں کو اغوا کیا، بچوں کی عمر 10 سال اور 12 سال ہے، پولیس اہلکار نے بچوں کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا اور ان کے ساتھ زیادتی کرکے پھر بچوں کو ایدھی سینٹر چھوڑ گیا۔

بچوں کے والد منیر احمد نے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ کراچی کمپنی میں شکایت درج کروائی گئی لیکن پولیس نے مناسب کارروائی نہیں کی، پھر ہم نے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو اپلوڈ کرکے اعلی افسران سے اپیل کی تب جاکے ہماری داد رسی کی گئی اور تھانہ کراچی کمپنی میں سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں بچوں کے والد نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں اس نے اپنے 8 سالہ بچے کو علاج کی غرض سے داخل کروایا تھا، بچوں کی والدہ اس دنیا میں نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے باقی دو بیٹوں کو بھی ساتھ لایا تھا، شام کو بچے کینٹین سے جوس لینے کے لئے گئے لیکن واپس لوٹ کر نہیں آئے، میں نے تلاش کیا لیکن وہ نہ ملے پھر پولیس کی ہیلپ لائن پر بچوں کی گمشدگی کی اطلاع دی۔

کیس میں مزید پیش رفت کرتے ہوئے پولیس نے منگل کے روز ملزم سب انسپکٹر کو جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے ملزم کا چار روزہ ریمانڈ دیتے ہوئے پولیس کو مزید کارروائی کرنے اور شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں ہر سال اضافہ ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔

اسلام آباد میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی آرگنائزیشن ساہل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے جون تک پاکستان میں بچوں سے جنسی زیادتی کے 1630 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے لیئے قانون تو موجود ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نظر نہیں آرہا۔

یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے علاقے قصور میں کمسن بچی زینب کے ساتھ زیادتی کرکے قتل کرنے کے بعد 8 اکتوبر 2019 کو، پاکستان کی قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل 2019 منظور کیا تھا، جس میں بچوں سے متعلق جرائم پر دو گھنٹے کے اندر کارروائی کرنے میں ناکام رہنے والے افسران کے لیے سخت سزائیں لازمی قرار دی گئی تھیں۔ بل میں بچوں سے متعلق معاملات کو تین ماہ کے اندر حل کرنا شامل ہے۔ بل میں یہ بھی شرط رکھی گئی ہے کہ بچوں کے خلاف جرائم کی سزا عمر قید ہے، جس میں کم از کم سزا 10 سال اور زیادہ سے زیادہ 14 سال ہے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here