۱۱ ستمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس بابر ستار نے فیضان عثمان کے والد عثمان خان کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت میں درخواست گزار وکیل ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے۔لاپتہ فیضان کی بازیابی کیس میں آئی جی اسلام آباد کو طلب کیا گیا، عدالتی حکم پر آئی جی اسلام آباد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جسٹس بابر ستار نے آئی جی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب عدالتی حکم میں کوئی ابہام تھا ؟

جس پر آئی جی نے عدالت کو بتایا, ’’نہیں سر عدالتی آرڈر میں کوئی ابہام نہیں تھا، ایجنسیوں اور پی ٹی اے کو دو نمبرز ٹریس کرنے کے حوالے سے درخواست دی تھی، جن کو درخواست دی تھی انہوں نے تحریری کوئی جواب نہیں دیا، زبانی کہا کہ نمبرز نہیں آرہے، ایف آئی اے کو بھی نمبر سے متعلق درخواست کی تھی، آئی پی ٹریس کرنے کے لئے آئی بی، پی ٹی اے اور سی ٹی ڈی پنجاب کو لکھا ہے‘‘۔

اس پر جسٹس بابر ستار نے آئی جی اسلام سے استفسار کیا کہ ’’آئی جی صاحب آپ کی فائنڈنگ کیا ہے؟‘‘

آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ ’’مغوی بازیاب ہوچکے ہیں، مزید ہماری تفتیش جاری ہے، مغوی کے والد سے ہمارا رابطہ ہوا مگر مغوی سے ملاقات نہیں کرائی گئی‘‘۔

عدالت نے آئی جی سے استفسار کیا کہ ’’مغوی کی دوران حراست ایک ویڈیو اپلوڈ کی گئی تھی کیا ٹریک کیا ، کیا کارروائی کی؟‘‘

آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ ’’ہم نے پہلے ہی پی ٹی اے کو لکھا ہے مگر کچھ حاصل نہیں ہوا، مغوی آچکا ہے مگر ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی۔‘‘

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا ’’آئی جی صاحب گاڑیوں کو بھی ٹریس نہیں کیا گیا؟‘‘

آئی جی اسلام نے عدالت کو بتای ’’دو ماہ گزرنے کے بعد ہمارے پاس ڈیٹا نہیں ہوتا، کسی خفیہ ایجنسی نے مغوی کو ساتھ رکھنے سے انکار کیا‘‘۔

جس پر جسٹس بابر ستار نے آئی جی اسلام آباد پر اظہارِ برہمی کیا اور کہا کہ ’’آپ وردی میں یہاں کھڑے ہیں، آپ کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جاتے ہیں، آپ کامپیٹینٹ نہیں اسی وجہ سے آپ یہاں خالی پیش ہوتے رہے، آپ کہتے ہیں کہ سترہ سال کا بچہ یہاں آکر سچ بولے ، اور آپ کچھ نہ کریں، مغوی کی واپسی پر کیس ختم نہیں ہو جاتا، لوگوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں، فیملیز کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔‘‘

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ شہری کی بازیابی کی درخواست ہے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ’’آپ کو کس نے کہا مغوی گھر آ جائے تواسکے بعد کیس ختم ہو جاتا ہے، میں نے یہ دیکھنا ہے بچے کو کس نے اٹھایا‘‘۔ جسٹس بابر ستارنے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کوئی شرم کریں، دوگل صاحب۔‘‘

جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کا بیان غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی ایف آئی اے، سی ٹی ڈی پنجاب کو نوٹسز جاری کر دیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے تمام حساس اداروں سے موبائل نمبرز اور گاڑیاں ٹریس کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو 7 دنوں کے اندر اندر تفصیلی رپورٹ عدالت کو جمع کرانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے مغوی فیضان کو بھی شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔اس پر ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ مغوی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے انکو فی الحال شامل تفتیش نہ کیا جائے۔عدالت نے مغوی فیضان کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی جس کے بعد عدالت نے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here