رانا مالہی
اسلام آباد
بدھ کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کے زیر صدارت ہوا۔
جممیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے، بلوچستان میں ایک ہی دن میں ہماری سکیورٹی فورسز پر 4، 5 حملے ہوئے، لکی مروت مسلح قوتوں کے قبضے میں ہے، سی پیک پر ان معاملات کی وجہ سے رکاوٹیں کھڑی ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سخت بیان بازی اور جذبات کی وجہ سے معاملات زیادہ خراب ہوتے ہیں۔ سینیئر سیاستدانوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، سیاستدانوں کو با اختیار بنانا ضروری ہے۔ حکومت کے پاس صلاحیت اور اختیار ہی نہیں جو وہ خود فیصلے کر سکے۔ یہ ہمارے مفاد کی جنگ نہیں ہے، عالمی قوتیں اس کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا صوبوں کی صورتحال اتنی حد تک خراب ہے کہ یہاں کے کئی علاقوں کے اسکول اور کالجز میں قومی ترانہ بھی نہیں پڑھا جاتا اور پاکستان کا جھنڈا بھی نہیں لہرایا جاتا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم لڑیں گے، اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، ہم اپنے وطن کے لیئے ہر لمحے حاضر ہیں۔ ملک کے حالات اتنے خراب ہیں کہ سندھ کے کچے میں ڈاکوؤں کا راج ہے اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اسٹیٹ کو چیلینج کیا جارہا ہے، صورتحال بہت خراب ہے۔ بلوچستان ، خیبرپختونخوا میں حکومت آئے بات چیت کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں ریاست ناکام ہوجاتی ہے وہاں ہم جاتے ہیں، میں افغانستان گیا وہاں کے ساری سیاسی، معاشی حالات سمیت تمام معاملات پر حل نکال کر کامیاب ہوکر آیا۔
جبری گمشدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ، مسنگ پرسن ایک بڑا مسئلہ ہے، ان کے پیارے بہت پریشان ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ گھر والوں کو بتائے کہ ان کا بچہ کہاں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لوگ فوج پر اعتماد کریں لیکن موجودہ معاملات، حالات کی وجہ سے یہ نہیں ہو پارہا ہے۔ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، معیشت ٹھیک نہیں کر پارہے ہیں، ملک کے ایسے حالات دیکھ کر اختر مینگل نے بھی استعفی دےدیا، میں بہت پریشان ہوں کہ پارلیمنٹ میں ان معاملات کو حل کرنے کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں موجودہ حالات اور چیزوں کو ذرا سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔مہرنگ بلوچ بلوچستان میں اٹھتی ہیں اور مسائل پر بات کرتی ہیں اسے میڈیا پر دکھایا نہیں جاتا، وزرات دفاع کے اخراجات کا پوچھتے ہیں تو اس حوالے سے کہیں پر کوئی خبر نہیں آتی، جب ہم پوچھتے ہیں تو آپ بلیک آؤٹ کرتے ہیں، کیوں کہ اس پر وزارت دفاع لکھا ہوا ہوتا ہے، یہاں پر حالات یہ ہیں کہ لوگ بات کرتے ہیں تو انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر عمر ایوب نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان حکومت کے وزراء ریڈ زون سے آگے جا کر اپنے حلقوں میں بات نہیں کر سکتے ہیں، بلوچستان کے لوگوں کی رنجشیں درست ہیں، ان کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، بلوچستان کے نوجوان پروفیشنل ہیں، آپ نے انہیں دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے، مہرنگ بلوچ کو کسی بھی جگہ پر دکھایا نہیں جاتا، سوشل میڈیا پر قدغن لگائی جارہی ہے
سردار اختر مینگل کو کس چیز نے مجبور کیا کہ انہوں نے استعفیٰ جمع کرایا۔
جبری گمشدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیوں والے معاملہ پر کمیٹی بنائی جائے، ہوش کے ناخن لیں، جس وجہ سے سردار اختر مینگل نے استعفیٰ دیا اسے ہلکا نہ لیں۔