۲۳ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پکنک پوائنٹ شاہدرہ ویلی کے مقام پر گھومنے کی غرض سے آئے ہوئے جوڑے کو ہراساں، بلیک میل کرنے اور غیرقانونی طور پر پولیس کی جانب سے حراست میں لینے کے معاملے پر پولیس انتظامیہ نے تین پولیس اہلکاروں کو برطرف کردیا۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ رواں ماہ پیش آیا، جب ایک جوڑا گھومنے کے لئے شاہدرہ ویلی جارہا تھا تو تھانہ بارہ کہو کی حدود کی پولیس کی چیکنگ کے دوران پولیس نے جوڑے سے ان کی شادی کا سرٹیفیکیٹ مانگا، لیکن جوڑے کے پاس اس موقع پر شادی کا سرٹیفیکیٹ ساتھ نہ ہونے کی وجہ سے وہ پولیس کو نہ پیش کر سکے، جس کے نتیجے میں وہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے جوڑے کو ہراساں کیا اور ان سے رشوت بھی طلب کی، جس کے بعد پولیس نے ان کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کانسٹیبل اسفندیار ایاز، نایاب اور سمیع اللہ نے خاتون کو اس کے شوہر سے الگ کرکے پولیس وین میں بٹھایا اور ایک پولیس اہلکار نے خاتون کو ہراساں کیا اور اس کا موبائل نمبر لیا، اور دوسرے پولیس اہلکار کانسٹیبل نعمت اللہ نے اس خاتون کو بار بار فون کرکے دھمکیاں دیں۔
اس واقعہ کے خلاف شادی شدہ جوڑے نے اسلام آباد کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز کے پاس شکایت درج کروائی، اور انویسٹی گیشن کے دوران اہلکاروں کی جانب سے جوڑے کے ساتھ کی گئی بدتمیزی کی تصدیق ہوئی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شکایت درج ہونے پر ایس ایس پی نے معاملے کی تحقیقات کی اور مکمل انکوائری کے بعد اس واقعے میں ملوث تین اہلکاروں کو برطرف کردیا۔
اس واقعے کے علاوہ گذشتہ ماہ اسلام آباد کے سنگجانی کے ایس ایچ او عاصم زیدی نے دو شہریوں کو بغیر کسی الزام کے تقریبا انیس دن حراست میں رکھا۔ واقع کی انکوائری ہونے پر ایس ایچ او کا جرم ثابت ہوا تھا۔اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں ہراسمینٹ کے قوانین بنے ہوئے ہیں لیکن اس پر عملدرآمد کی کمی نظر آتی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے 2023 میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق جنوبی ایشیا میں پولیس کا محکمہ سب سے زیادہ کرپٹ محکمہ ہے۔پاکستان میں اکثر اس طرح کے واقعات رپورٹ ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں جس میں پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لینا، انہیں ہراساں کرنا اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کرنا شامل ہے۔