رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
بلوچستان میں پچھلے کئی دنوں سے سکیورٹی کی صورتحال خراب نظر آرہی ہے، جبکہ کئی شدت پسندی کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔
بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر جائزہ لینے کے لیئے وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کا دورہ بھی کیا تھا۔
بلوچستان کی صورتحال پر ارکان پارلیمنٹ نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیئے اپنی مختلف تجاویز دیں۔
حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر عرفان الحق صدیقی کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان کے معاملے پر سنجیدہ ہے، سکیورٹی حالات بہتر بنانے کے لیئے مختلف آپریشنز پر غور کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے بلوچستان میں ایپیکس کمیٹی کی میٹنگ بھی کی تھی، سارے پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا کہ مذاکرات کس سے کئے جا سکتے ہیں، ملک میں کوئی فرد بھی اس دہشتگردی کو سپورٹ نہیں کرتا، ملک کی عوام اور بلوچستان کی عوام حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، جہاں آپریشن کی ضرورت پڑی وہاں آپریشن کریں گے اور جہاں مذاکرات کرنے ہوئے وہاں مذاکرات کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محمد ہمایوں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کچھ سردار اور سرداری نظام بھی بلوچستان کی ترقی اور امن میں رکاوٹ ہے، یہ لوگ بلوچستان میں تعلیم اور ڈویلپمنٹ میں رکاوٹ ہیں، زوالفقار علی بھٹو نے بھی اس سرداری نظام کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن نہ ہو سکا۔ بلوچستان کے مختلف مسائل کے لیئے مختلف آپشنز پر غور کرکے، امن قائم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی جمال رئیسانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پہلے صوبے کے مسائل کو سمجھنا ضروری ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی نوعیت کا ہے یا صوبے کا مسئلہ دہشتگردی ہے۔ پہلے ہمیں اسٹیک ہولڈرز کی نشاندہی کرنی ہے، جہاں مذاکرات کی بات ہے تو دہشتگردوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکتے، اپنے ہی وطن کے لوگوں کو مارنے والوں سے کبھی بھی مذاکرات نہیں ہونگے۔ اگر تعلیم اور بنیادی مسائل پر کوئی آئین کے مطابق دھرنا دیتا ہے تو ان کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہئیں۔
ارکان پارلیمنٹ نے سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کے اجلاس میں بھی بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔
