۲۷ ستمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہوا، جس میں آئینی ترامیم، مقامی حکومت کے اختیارات اور صوبائی نمائندگی جیسے اہم مسائل زیر بحث آئے۔کمیٹی کے اجلاس میں ایک اہم موضوع سینیٹر منظور احمد اور سینیٹر دنیش کمار کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 51 میں ایک مجوزہ ترمیم تھی، جس کا مقصد قومی اسمبلی میں غیر مسلموں کے لیے ہر صوبے کے لیے کم از کم ایک مخصوص نشست کو یقینی بنانا تھا۔
سینیٹر دنیش کمار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ موجودہ نظام، جو نشستیں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر تقسیم کرتا ہے، بڑے اکثریتی صوبوں کو فائدہ پہنچاتا ہے، جس سے غیر مسلم کمیونٹیز کی نمائندگی کم ہو جاتی ہے۔سینیٹر خلیل طاہر، جو کہ مسیحی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہیں، انہوں نے بھی اس حوالے سے کمیٹی میں تشویش کا اظہار کیا۔
کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے بل کی تعریف کرتے ہوئے وزیر قانون و انصاف سے کہا کہ وہ اس ترمیم کی روح کو تقویت دینے کے لیے مناسب ترامیم کے ساتھ سامنے آئیں۔کمیٹی نے سینیٹر دنیش کمار اور منظور احمد کی طرف سے پیش کردہ ایک اور بل کا جائزہ لیا، جس میں بلوچستان اسمبلی کے لیے نشستوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے نوٹ کیا کہ جہاں آرٹیکل 51 آبادی پر مبنی نشستوں کی تقسیم فراہم کرتا ہے، وہاں آرٹیکل 106 ایسا نہیں کرتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آبادی کی بنیاد پر کسی بھی اضافے سے دیگر صوبوں کی جانب سے بھی مطالبات سامنے آسکتے ہیں۔
کمیٹی نے مختلف ممالک کی مثالوں کا جائزہ لیا جہاں آبادی کی بنیاد پر نشستوں کی تقسیم کے باوجود قانون ساز اسمبلیوں میں نشستوں کی تعداد مقرر کی گئی ہے۔ موضوع کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے، ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں سینیٹر حمید خان، سینیٹر ضمیر حسین گمرو اور سینیٹر انوشہ رحمان شامل ہیں، جو تیس دن کے اندر معاملے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی میں اقلیتی مخصوص نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان موجود ہیان جن میں صوبہ سندھ سے چار ارکان اسمبلی جبکہ تین اقلیتی ارکان صوبہ پنجاب سے ہیں، اور سندھ سے ایک اقلیتی رکن قومی اسمبلی جنرل سیٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔اسی طرح سینیٹ میں چاروں صوبوں سے ایک ایک اقلیتی رکن مختلف سیاسی جماعتوں سے سینیٹ کے ممبر ہیں۔
کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر حمید خان، سینیٹر ضمیر حسین گمرو، سینیٹر سعدیہ عباسی، سینیٹر شاہدات اعوان، سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر خالدہ عتیب، سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر انوشہ رحمان، سینیٹر خلیل طاہر، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر آؤن عباس نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وزارت سےمنسلک متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔