۱۲ ستمبر ۲۰۲۴

اسد بلوچ


کوئٹہ

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں توہین مذہب کے ایک مبینہ ملزم کو پولیس اسٹیشن کینٹ میں پولیس کے ہی ایک اہلکار نے گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق بدھ کو خروٹ آباد کوئٹہ میں مشتعل مظاہرین نے جبل نورالقران کے نزدیک مغربی بائی پاس اور اسپنی روڈ بلاک کرکے ریسٹورنٹ کے مالک عبدالعلی پر توہین کا الزام لگایا اور انہیں جانی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ہجوم کا الزام تھا کہ مبینہ طور پر عبدالعلی نے سوشل میڈیا ویڈیو میں ختم نبوت کو 14 سو سال پرانا کہہ کر اس پہ نازیبا الفاظ ادا کیے تھے۔

سخی ہوٹل(ریسٹورنٹ) کے مالک عبدالعلی عرف لالا ولد عبدالباقی ساکن خروٹ آباد کوئٹہ پر توہین رسالت اور ختم نبوت کے خلاف غلط الفاظ کی ادائیگی کا الزام تھا۔بی بی سی اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک چلتی گاڑی میں فلمائی گئی ویڈیو، جس میں عبدالعلی خود ڈرائیونگ کرتے نظر آتے ہیں انہیں ملک میں سیاسی حالات کے تناظر میں بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اسی ویڈیو کے سبب ان پر توہین ختم نبوت کا الزام عائد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مشتعل مظاہرین نے عبدالعلی کے ہوٹل کا بھی گھیراؤ کیا اور وہاں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے مشتعل ہجوم کی اطلاع ملنے پر جبل نور القرآن پہنچ کر عبدالعلی کو اپنی تحویل میں تھانہ خروٹ آباد منتقل کیا مگر وہاں مشتعل افراد نے پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کرکے پتھراؤ کیا۔ مبینہ ملزم کی حفاظت کے پیش نظر انہیں اس تھانہ سے کینٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مبینہ ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا۔

کینٹ پولیس اسٹیشن میں ایک پولیس سید خان اہلکار نے جمعرات کو عبدالعلی لالا کو گولی مار کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق قتل کے جرم میں ملزم اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

خروٹ آباد تھانہ کے پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’عبدالعلی ایک بزرگ شہری اور غریب شخص تھے، ان پر توہین کا الزام بے بنیاد ہے، ان کا اپنا ایک بیٹا دینی عالم اور حافظ قرآن ہے، اس واقعہ کے بعد بیٹے نے مشتعل ہجوم سے معافی مانگ لی تھی اور کہا تھا کہ اگر ان کے والد سے کوئی غفلت سرزد ہوئی ہے تو وہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور دعا کرکے آپ سے معافی طلب کریں گے۔‘‘

انسانی حقوق کے کارکن پروفیسر غنی پرواز کے مطابق’’مذہبی انتہا پسندی بڑھنے کا سبب قانون کی کمزوری ہے، کسی انسان کو توہین کے نام پر قتل کرنا جائز نہیں بلکہ ایسے افراد جن پر توہین کے الزامات ہوں انہیں عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔‘‘

غنی پرواز کا مزید کہنا تھا کہ توہین رسالت کے اکثر الزامات کے پیچھے زاتی مفادات کارفرما ہوتے ہیں۔

ان کے خیال میں بعض اوقات کسی کی جائیداد پر قبضہ کرنے یا رشتہ کے معاملے میں بھی توہین رسالت کے الزمات لگائے جاتے ہیں، اصل مسئلہ ایسے واقعات کی مکمل چھان بین اور تحقیقات ہے جو بدقسمتی سے کبھی نہیں کیے جاتے۔

دیگر اسلامی ممالک کے مقابلے میں توہین رسالت کے زیادہ الزامات پاکستان میں کیوں سامنے آتے ہیں، اس پر پروفیسر غنی پرواز کہتے ہیں کہ ’’پاکستان میں انتہا پسندی بہت زیادہ ہے اور قانون کی حکمرانی نہ ہونے کے برابر ہے، اس لیے نہ صرف ایسے واقعات عام ہیں بلکہ کسی پر الزام لگانا اور پھر ہجوم اکھٹا کرکے ان کو نقصان پہنچانا بھی آسان ہے۔‘‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here