۱۰ ستمبر ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
اراکین اسمبلی باالخصوص اپوزیشن رہنماؤں نے پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں گھس کر پی ٹی آئی اراکین کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے پارلیمان اور جمہوریت پر حملہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں ایک عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سوموار کی رات پولیس نے ظابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان، شیر افضل مروت سمیت لگ بھگ ایک درجن رہنماؤں کو حراست میں لےلیا۔
منگل کی صبح قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس کارروائی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے سوال کیا کہ نقاب پوش کون تھے جو ایوان میں آکر اراکین پارلیمنٹ کو اٹھا کر لے گئے؟
’’کل رات ہمارے رہنماؤں کو پارلیمنٹ ہاؤس، مسجد اور حجرے سے اٹھایا گیا۔ کل رات جو ہوا، وہ پاکستان کی جمہوریت کا 9 مئی تھا۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’رات تین بجے نقاب پوش پارلیمنٹ کے کمروں میں بیٹھے ہوئے تھے، جو تذلیل کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے‘‘۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ جمہوری اداروں سے کھلواڑ کرے۔
ہمارا اعلان ہے کہ جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کی لڑائی میں ہم جمہوری صفوں میں کھڑے ہونگے چاہیے اس کیلئے جان کی قربانی بھی دینی پڑیں۔
پی ٹی آئی نے پاکستان کے وجود کو چیلنج کیا- خواجہ آصف
اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سب اتوار کے جلسے میں جو زبان استعمال کی گئی، اس کا رد عمل ہے۔’’جب آپ کہیں گے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، اس کا کیا ردعمل آئےگا؟‘‘انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتیں کل کے رد عمل کا جواز پیش کرتی ہیں۔
کیا پارلیمنٹ میں گھسنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے؟
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اس واقع پر سنجیدہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ’’اگر پارلیمنٹ کے اندر گھس کر اراکین کو گرفتار کیا گیا ہے تو باقی کیا بچا؟ اگر سنجیدہ ایکشن نہ لیا گیا تو پھر یہ سلسلہ یہاں رکے گا نہیں۔‘‘
اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے بھی اس واقع پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کے واقعے کو سنجیدہ لینا ہو گا اور اگر ضرورت پڑی تو ایف آی آر بھی کٹوائی جائے گی۔اسپیکر نے بعد ازں گرفتار پی ٹی آئی رہنماوں کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے رولز اینڈ پروسیجرز کی شق 106 کے تحت کسی بھی رکن اسمبلی کو پارلیمنٹ کی حدود سے سپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔
