۷ ستمبر ۲۰۲۴

سٹاف رپورٹ


لاہور

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997ء میں سرکولیشن سمری کے ذریعے ترمیم کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت فورسزکو دہشتگردی کے شبہ میں کسی بھی مشکوک شخص کو تین ماہ تک حراست میں لینے کا اختیار دیا جائےگا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کی سیکشن ڈبل ون ڈبل ای ڈبل ای کی ترمیم کے لیے قانو ن سازی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس سے سیکورٹی فورسزکو دہشت گردی کے خلاف مزید موثر آپریشن کے لیے قانونی تحفظ ملے گا، سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے شبہ میں کسی بھی مشکوک شخص کو تین ماہ کے لئے حراست میں لے سکیں گی،خفیہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والوں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جاسکیں گی،قومی سلامتی کے لیے خطرات کے حامل افراد کو حراست میں لیا جاسکےگا،جے آئی ٹیز جامع تحقیقات کریں گی اور دہشت گردوں کے بارے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔-تاہم حکومت نے سرکاری طور پر ابھی تک اس معاملے کی تصدیق نہیں کی۔

جمیعت علما اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’ یہ لوگوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کا قانونی تخفط فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ ایک غیر آئینی عمل ہوگا۔‘‘ انکا مزید کہنا تھا کہ ’’حکومت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس ختم ہونے کے بعد اس قانون کو آرڈیننس کی صورت میں پاس کروائے گی۔‘‘

جمعہ کے روز سینٹ کے اجلاس میں حکومتی فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ’’بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ جبری گمشدگیوں کا ہے ۔حکومت ایک ایسا قانون لا رہی ہے جو جبری گمشدگیوں کو تحفظ دے گا۔یہ قانون بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور ہمیں سب کو مل کر اس کے خلاف سپریم کورٹ جانا چاہیے۔‘‘

ہیومن رائٹس کیمشن آف پاکستان بلوچستان چیپٹر کے سابق چیئرمین طاہر حسین کا کہنا ہے کہ’’ یہ فورسز کو کھلی چھوٹ دے رہے ہیں ۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔‘‘

بلوچستان سے پاکستان بار کونسل کے ممبر منیر کاکڑ کا کہنا ہے’’ کہ اس سے پہلے یہ تجربہ خیبر پختونخواہ میں کیا گیا تھا اس کا کیا نتیجہ نکلا ہے ۔ یہ قدم بلوچستان کو مزید تباہی کی طرف لے کر جائے گا۔اس ترمیم کے بعد سیکیورٹی فورسز کو اختیار حاصل ہو جائے گا وہ کسی کے گھر میں گھس جائے اور کسی کو بھی اٹھ کر لے جائے ۔‘‘انکا مزید کہنا تھا کہ وہ اس کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔

وکلاء کے مطابق اگر حکومت اس قانون کو منظور کرتی ہے تو یہ عدالتوں میں چیلنج ہو جائے گا اور قوی امکانات ہیں کہ عدالتیں اس کو کالعدم کر دیں گی کیوں کہ یہ بنیادی آئینی حقوق کے خلاف ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here