۲ ستمبر ۲۰۲۴
تحریر : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور ہائیکورٹ نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کےمبینہ ہنی ٹریپ مقدمے کی ملزمہ آمنہ عروج پر دوران حراست تشدد کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو پولیس افسران کے خلاف شکایت درج کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔
ملزمہ آمنہ کی والدہ طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں ملزمہ کی دوران حراست تشدد کے خلاف پٹیشن دائر کی گئی ۔ جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جج طارق سلیم شیخ نے ہفتہ کے روز درخواست کو نمٹاتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ سے ثابت ہوا ہے کہ آمنہ عروج پر دورانِ حراست تشدد کیا گیا ہے۔
جج طارق سلیم شیخ نے تحریری حکم نامے میں لکھا ہے کہ درخواست گزار نے یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین 1973 کے آرٹیکل 199 کے تحت زینب بی بی نے درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی بیٹی آمنہ عروج کو21 جولائی 2024 کو تھانہ سندر، لاہور میں دفعہ 365 اے اور 395 پی پی سی اور انسداد دہشتگردی ایکٹ، 1997 کی دفعہ 7 کے تحت مجرم قرار دیے جانے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس وقت وہ لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قید ہیں۔
درخواست گزار کا الزام ہے کہ جب ان کی بیٹی تفتیشی افسر کے پاس جسمانی ریمانڈ پر تھیں تو پولیس نے انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے انہیں اندرونی اور بیرونی چوٹیں آئیں۔انہوں نے جیل حکام سے درخواست کی کہ وہ انہیں طبی امداد فراہم کریں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
تحریری حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی شکایت کے ازالے کے لیے مدعا علیہ نمبر ایک (انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب، لاہور) کے سامنے درخواست دائر کی لیکن انہوں نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ بعد ازاں انہوں نے مداخلت کے لیے اس عدالت سے رجوع کیا ہے۔
جس پر عدالت نے سروسز اسپتال لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ آمنہ عروج کی معائنہ کے لیے میڈیکل باڈی تشکیل دی جائے۔ جس پر عدالت میں ۳۱ آگست کو حتمی رپورٹ جمع کروائی گئی ، جس میں اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔
عدالت نے قرار دیا کہ حراست میں تشدد ایک جرم ہے اور حراست میں موت ایکٹ، 2022 مجرموں کو سزا دینے کے لیے اس معاملے میں ایک مکمل ترغیب دی گئی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ پولیس افسران کے خلاف فوری شکایت درج کریں اور ایکٹ 2022 کے تحت کارروائی عمل میں لائیں اور تعمیلی رپورٹ اس عدالت میں پیش کی جائے۔
ملزمہ آمنہ عروج کے وکیل کا وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’ آمنہ عروج ماسٹر ڈگری ہولڈ ایک عزت دار خاتون ہے جو بحریہ ٹاون میں جاب کرتی تھی ۔ آمنہ عروج اور اس کے ساتھ چار اور لڑکیاں کسی شوٹ پر گئی تھی جہاں چینجگ روم میں خفیہ کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو خلیل الرحمان قمر کے پاس آگئی جس کی بنیاد پر وہ بلیک میل کرتا رہا۔ جس کے خلاف درخواست ہم نے آئی جی ، پرامنسٹر،سی ایم اور سپریم کورٹ ہیومین رائٹس سیل میں بھی جمع کروادی ہے۔آمنہ عروج کی دوران حراست ہم نے ان پر ہونے والے تشدد کے خلاف پٹیشن دائر کی۔ آمنہ عروج کے طبی معاونئہ سے ثابت ہوا کہ ان کے جسم پر ۱۹ جگہوں پر تشدد کے نشانات ہیں۔اور عدالت نے ان کے اوپر تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا ہے ۔‘‘
خیال رہے کہ خلیل الرحمان قمرکو15 جولائی کو مبینہ طور پراغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیاتھا اور ملزمان کےخلاف 21 جولائی کو تھانہ سندر میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔