رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک 17/4 ایل میں 21 سالہ شادی شدہ خاتون کی مبینہ طور پر خودکشی، ورثا نے سسرال پر قتل کا الزام لگایا ۔ ورثا کے مطابق مقتولہ کی افتخار نامی شخص سے ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور مقتولہ کے بھائی عمران کی طرف سے ملزم افتخار کی بھانجی کو طلاق دینے کی رنجش میں افتخار نے اپنی بھانجی آمنہ اوربھانجے حمزہ کے ساتھ مل کر مقتولہ کو قتل کر کے لاش کو لٹکا کر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
وائس پی کے کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اوکاڑہ میں مقتولہ اور ملزم کے گھر کا وزٹ کیا اور حقائق جاننے کی کوشش کی۔ مقتولہ کی ماں نذیراں بی بی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری بہو آمنہ یہاں سے مقتولہ کو لے کر گئی اور اپنے ماموں افتخار سے شادی کروائی۔ جب ہم نے اپنی بہو کو طلاق دی تو افتخار نے اپنی بھانجی کی طلاق کا بدلہ لینے کے لئے قتل کیا۔
’’میری بہو میری بیٹی کو یہاں سے لے کر گئی اور اپنے ماموں کے ساتھ شادی کردی۔ ڈیڑھ سال کے بعد ہم نے بہو کو طلاق دی . اس کے ماموں نے اپنی بھانجی کی طلاق کا بدلہ لیا ہے ۔واقعہ کے دن جب ہمیں گئے پولیس وہاں موجود تھی اور لاش لٹکی ہوئی تھی ۔‘‘
مقتولہ اور ملزم افتخار کی یہ دوسری شادی تھی اور افتخار سے اس کا ایک پانچ ماہ کا بیٹا ہے۔ مقتولہ کی پہلی شادی سے دو بچے ہیں۔ مقتولہ کی بہن پروین کا کہنا تھا کہ میری چھوٹی بہن کے ساتھ زبردستی ہوئی ہے، ہمیں انصاف چاہیے۔
ملزم افتخار، جو اس وقت عبوری ضمانت پر ہیں، نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے قتل کے الزام کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور مقتولہ خوشی سے زندگی گزار رہے تھے۔ یہ واقعہ خودکشی کا ہے، اور جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت میں اپنی بہن کے ساتھ اپنے بچے کی دوائی لینے گیا تھا۔ مجھے فون آیا کہ گھر آئیں، آپ کی بیوی نے خودکشی کر لی ہے۔
’’جب سے ہماری شادی ہوئی تب سے ہمارے میاں بیوی کے درمیان کوئی گھریلو لڑائی جھگڑا نہیں تھا۔ لیکن جب بچہ پیدا ہوا تو وہ بیمار ہو گیا اس کا علاج چل رہا تھا ہم اوکاڑہ سے بچے کا علاج کروا رہے تھے بچہ آہستہ آہستہ ٹھیک ہو رہا تھا ۔جب یہ واقع ہوا اس سے پہلے سارے دن ہم ٹھیک رہے ہیں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا تھا ۔ہنسی خوشی میں نے بیگم کو کہا کہ بچے کی دوائی لے آئے لیکن اس نے کہا میری طبیعت نہیں ٹھیک میں نے اسے کہا آو تمہاری بھی دوائی لے آتے ہیں لیکن اس نے نہ کر دی ۔ دو سے تین دفعہ کہا لیکن وہ نہیں گئی ۔بچے کو نہلا دھلا کر وہ لے آکر میں اور میری بہن بچے کی دوائی لینے چلے گئے جب ہم وہاں پہنچے تو پانچ منٹ بعد کال اگی کہ گھر آجاو تمہاری بیگم نے خودکشی کر لی ہے ۔مجھے اس کا کوئی علم نہیں اس نے خود کشی کیوں کی اس کے ذہن میں کیا تھا۔یہ خودکشی اس نے خود کی ہے اس میں کسی گھر والے کا کوئی ہاتھ نہیں ۔ میں بے گناہ ہوں اللہ انصاف کریں گا۔‘‘

کیس کی تفتیش کے بارے میں تھانہ اوکاڑہ کینٹ کے انوسٹیگیشن آفیسر محمد نثار نے آگاہ کیا کہ مدعی متقولہ کی ماں نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم افتخار نے اپنی بھانجی آمنہ اور آمنہ کے بھائی حمزہ کے ساتھ مل کر مقتولہ کو نشہ آور چیز کھلا کر گلا دبایا اور قتل کردیا اور لاش پنکھے سے لٹکاکر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی ۔ انکا کہنا تھا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے گلے پر پھندے کے نشانات موجود لیکن موت کی اصل وجہ کا تعین پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گا۔