۲۲ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پنجاب حکومت نے ایک بار پھر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی تمام قیدیوں پر لاگو ہوگی، جس میں سیاسی قیدی بھی شامل ہیں، اور یہ پابندی اگلے حکم تک برقرار رہےگی۔اس سے قبل پنجاب حکومت نے 4 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک اڈیالہ جیل کے قیدیوں کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔ اس پابندی کو مزید دو دن کے لیے بڑھایا گیا تھا، اور اب اسے غیر معینہ مدت تک نافذ کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق، یہ پابندی تمام ہائی پروفائل سیاسی قیدیوں پر لاگو ہے، جن میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی شامل ہیں، لیکن اس کا اطلاق دیگر تمام قیدیوں پر بھی ہوتا ہے۔
اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی پابندی سے 7,000 سے زائد قیدی اپنے خاندانوں سے کٹ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سینکڑوں رشتہ دار اپنے پیاروں سے ملاقات نہیں کر سکے۔غیر معینہ مدت کے لیے ملاقاتوں کی پابندی، بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بڑھا دی گئی، جس سے قیدیوں کے خاندانوں میں مایوسی اور غم و غصہ پیدا ہو گیا ہے، جو ان ملاقاتوں کے ذریعے ضروری اشیاء فراہم کرتے تھے۔
یہ پابندی، جو ابتدائی طور پر 5 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک تھی، اب 17 دن سے جاری ہے، جس سے قیدیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قیدیوں کو بنیادی ضروریات جیسے کھانا اور گرم کپڑے ان کے خاندانوں کی طرف سے فراہم کیے جاتے ہیں، اور پابندی کے بعد ان کا یہ سلسلہ منقطع ہو چکا ہے۔
ہیومن رائٹس وکیل ایمان مزاری نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیاسی قیدیوں کا اڈیالہ جیل میں ہونے سے باقی قیدیوں کے حقوق پرکوئی اثر نہیں ہونا چاہیے، انتطامیہ کی نااہلی ہے جس سے باقی قیدیوں کی زندگیوں پر اثرات پڑتے ہیں، عمران خان کی ملاقات پر پابندی لگانے کے چکر میں باقی قیدیوں سے بھی ان کے گھر والوں کی ملاقات نہیں کرائی جاتی، یہ جیل قوانین اور پاکستان کے آئین میں قیدیوں کو دیئے گئے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔‘‘
اس کے علاوہ ایمان مزاری نے اپنا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انہیں اڈیالہ جیل میں بطور قیدی رکھا گیا تھا تو انہیں بھی گھر والوں سے ملاقات کے علاوہ ان کے کپڑے اور دیگر سامان جیل میں نہیں لانے دیا جاتا تھا، اس طرح باقی عام قیدیوں کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے جو کہ جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے.
پاکستان کے آئین اور قوانین کے تحت قیدیوں کے بھی بنیادی حقوق ہوتے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 10 کے مطابق، ہر قیدی کو قانون کے تحت شفاف اور منصفانہ مقدمے کا حق حاصل ہے۔ اس کے علاوہ، جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر پابندی عائد ہے، اور ان کی صحت اور بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
قیدیوں کے حقوق پر کام کرنے والی سماجی کارکن سارہ بلال نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیاسی قیدیوں کی وجہ سے جب تمام عام قیدیوں پر بھی ملاقات پر پابندی لگتی ہے تو وہ اپنے کیسز کے حوالے سے اپنے وکلاء سے نہیں مل پاتے ہیں، جبکہ زیادہ تر خواتین قیدی بھی متاثر ہوتی ہیں جب وہ اپنے بچوں سے لمبے عرصے تک نہیں مل پاتی ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پابندیاں عام قیدیوں کے علاوہ کسی سیاسی قیدی پر بھی لگانا قانون اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔ ان پابندیوں کی وجہ سے انصاف کے حصول میں رکاوٹ اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
پاکستان جیل قواعد 1978 کے مطابق، قیدیوں کو ملاقات کا حق دیا گیا ہے، جس کا مقصد انہیں اپنے خاندانوں سے رابطے میں رکھنا اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ اس پر پابندی عائد کرنا، قیدیوں اور ان کے خاندانوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔