۲۷ اکتوبر ۲۰۲۴
تحریر: عصمت اللہ نیازی
ستمبر کے مہینے میں 26ویں آئینی ترمیم کو منظور کرانے کی ابتدائی کوشش کی بدترین ناکامی کے بعد حکومت پاکستان مکمل طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے انقعاد میں مصروف ہو گئی اور اسلام آباد کو اس خوبصورتی سے سجا دیا کہ نہ صرف دل عش عش کر اٹھابلکہ یہ بھی گمان ہو چلا تھا کہ شاید اب حکومت اس متنازع آئینی ترمیم کو دوبارہ لانے کی کوشش نہیں کرے گی۔
اسلام آباد کے باسی شہر کو خوبصورتی سے سجانے، ہر طرف ہرے بھرے درخت لگانے اور رنگ برنگے بکھرے پھولوں کے سحر میں مبتلا تھے اور طویل مدت کے بعد ایک بڑی کامیاب کانفرنس منعقد کرانے پر خوش تھے کہ ہم ابھی اس قابل ہیں کہ اقوام عالم میں اقتصادی تعاون ،مفاہمت اور امن کے لئے اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ کانفرنس میں چین روس بھارت ایران اور وسطی اشیائی ریاستوں کے وفود نے شرکت کی۔ خاص طور پر بھارتی وزیر خارجہ 9 سال بعد پاکستان آئے، گوکہ ڈاکٹر جے شنکر نے اسلام آباد میں قیام کے دوران کوئی دو طرفہ ملاقات تو نہیں کی نہ میڈیا سے ملے لیکن شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت دونوں ملکوں کے درمیان ایک خوش آئند تبدیلی نظر آئی۔
پوری قوم ابھی کانفرس کے کامیاب انعقاد پر خوش تھی اور کچھ مہمان اسلام آباد میں اور باقی واپسی کا سفر اختیار کر چکے تھے کہ حیرت انگیز طور پر سولہ اکتوبر جو کانفرنس کا آخری دن تھا اسی رات کو نون لیگ کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن اور پیپلز پارٹی کی قیادت بشمول صدر آصف علی زرداری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سب کو اپنے لاہور کے محل جاتی امرا بلا لیا تاکہ 26ویں ترمیم کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے مفاہمت پیدا کی جائے اور مزید کسی بھی تاخیر کے ترمیم کا پیکج پارلیمان سے مفاہمت سے نہیں تو بزور بازو منظور کرا لیا جائے کہ کہیں طاقتور حلقے ناراض نہ ہو جائیں۔
عوام تو خیر کسی گنتی میں نہیں آتے ، لیکن میڈیا، سول سوسائٹی وکلا برادری سب چیختے رہ گئے کہ اتنی بڑی کامیاب کانفرنس کی خوشی کا مزہ کچھ دن تو برقرار رہنے دیتے۔ اس ملک میں آج کی منقسم سیاسی قیادت کے سامنے آزاد فیصلہ سازی کے محدود مواقع ہیں جنھیں وہ اپنے بدترین حریف پاکستان تحریک انصاف کے ہوتے ہوئے کسی طور نہیں کھونا چاہتے۔ جاتی امرا لاہور میں بلائی گئی یہ پرتعیش دعوت چھبیسویں آئینی ترمیم پر بات چیت پر ختم ہوئی۔ رات گئے میڈیا سے بات چیت میں مولانا فضل الرحمان نے کھل کر کہا کہ آئینی پیکج پر تفصیلی بات چیت کی اور سنجیدہ فیصلےکئے اور مفاہمت کے عمل میں ہم تحریک انصاف کو بھی شامل کریں گے۔ کسی ایک ادارے کو اداروں پر فوقیت نہیں دیں گے۔
اُس دن سے لیکر ترمیم کی منظوری کے دن تک پورا ملک تین دن تک ایک ہیجان میں مبتلا کر دیا گیا کہ آخر اس ترمیم میں ہے کیا۔ کیوں کہ ترمیم کے پیکج کا کوئی حتمی ڈرافٹ کسی کے پاس نہ تھا اُس وقت بھی ہر پارٹی اپنا اپنا ڈرافٹ لئے پھر رہی تھی۔ ڈر تھا کہ کہیں آئین کے آرٹیکل 8 جو بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، کہیں اس میں تو تبدیلی نہیں کی جا رہی؟
عدالتوں کے دائرہ اختیار پر قدغن تو نہیں لگ رہی ہیں؟ آئینی عدالت ہو گی یا بینچ ؟ چیف جسٹس اور ججوں کی تقرری کا کیا طریقہ کار ہوگا اور کیا اس سے عدلیہ کی آزادی تو متاثر نہیں ہوگی؟
تین دنوں کی ہیجان خیز میڈیا کوریج سیاسی جماعتوں کے وفود کا مہنگی ترین گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاروں میں پروٹوکول کے ساتھ ایک دوسرے کی طرف آنا جانا آخرکار ختم ہوا اور مولانا فضل الرحمان نے ایک شب اعلان کیا کہ تمام جماعتیں آئینی بینچ پر متفق ہیں اور ساتھ یہ بھی کہا کہ جو پہلا ڈرافٹ ہمیں کالے تھیلے میں دیا گیا اس میں کالا سانپ تھا جس کے دانت توڑ کر اسکا زہر نکل دیا گیا ہے۔ اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ چیف جسٹس کی تقرری میں صرف سنیارٹی ہی نہیں بلکہ فٹنس بھی ترجیح ہونی چاہیے۔ اب یہ تو نہ پتا چل سکا کہ وہ کالا سانپ والا زہریلا مواد کیا تھا یا کوئی خاص شخصیت تھی جس کی طرف اشارہ تھا؟ اور نہ ہی مولانا نے تفصیل بتائی لیکن ترمیم کے بل پر تقریروں میں ہر پارلیمانی لیڈرنے اس سانپ کا ذکر ضرور کیا۔ اب خدشہ ہہ ہے کہ کہیں اس سانپ کے دانت میں دوبارہ زہر نہ بھر جائے جو کسی نئی ترمیم کی شکل میں نمودار ہو۔
خیر جاتی امرا سے شروع ہونے والی بات چیت کےصرف پانچ دن بعد سینٹ اور قومی اسمبلی میں تمام پارٹیوں کا متفقہ مسودہ جو صحافیوں کو بھی سینیٹ کے اجلاس کے دوران فراہم کیا گیا تھا، دو تہائی اکثریت سے نہ صرف منظور کرا لیا گیا بلکہ صبح سویرے دفتری اوقات سے پہلے تک صدر اور وزیر اعظم بھی اسے قبولیت عطا کرچکے تھے۔ آئینی پیکیج کی منظوری کی اتنی جلدی تھی کہ ابھی آئین کے مسودے پر پارٹیوں کی بات چیت جاری تھی کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا جس کے وقت میں بار بار تبدیلیاں ہوتی رہیں۔
سینیٹ کے اجلاس کے دوران بلوچستان سے اختر مینگل کی پارٹی بی این پی کے دو سینیٹروں قاسم رونجھو اور نسیمہ احسان شاہ کو ووٹ ڈالنے کے لئے لایا گیا اور پھر اختر مینگل کے ساتھ کھڑے ہوکر قاسم رونجھو نے میڈیا سے بات کی اور پھر چند ہی لمحوں میں کسی دفتر کی کرسی پر بیٹھ کر اپنی ہی بات کو جھٹلایا کہ “وہ سب اختر مینگل کا لکھا ہوا تھا جو پڑھ کر میڈیا کو سنایا تھا میرے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا”۔ قومی اسمبلی کی بھی یہی داستان نظر آئی۔ بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران اچانک “لوٹے لوٹے” کی آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئیں اور بلاول ووٹ کے لئے لائی گئی ہستیوں کو آرام سے اپنی نسشتوں کے بجائے سرکاری بنچوں پر پہنچانے کے عمل کو مکمل ہونے کے لئے تقریر روک کر بیٹھ گئے۔ جب بل پر اتفاق اور اس کی منظوری کے لئے پارٹیوں میں مفاہمت کا شکریہ ادا کیا تو بلاول باپ پارٹی کا ذکر کرنا بھول گئے۔ یاد دلانے پر بولےکہ ” باپ کو کیسے بھول سکتا ہوں باپ (پارٹی)کے بغیر تو یہ کام ہو نہیں سکتا تھا “۔
اوپر بیان کی گئی صورتحال سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس ملک میں معاملات کیسے اور کون چلا رہا ہے؟ پھر ٹی وی چینلز کی آجکل کی ڈارلنگ شخصیت فیصل واوڈا پارلیمان کے باہر کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ “اب باپ کا باپ بننے کے لئے اگلے 65 سال تک کوئی کوشش نہیں کرے گا “۔ اس قسم کی شخصیات کن کے کہنے پر ایسے بیانات دیتی ہیں یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
میں پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ پارٹیوں کے اتفاق کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی کی منظوری سے لیکر وزیر اعظم اور صدر کے دستخطوں میں چند گھنٹے لگے۔
چھبیسویں ترمیم کے پیکیج میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی نہ صرف فوری طور پر تشکیل پا گئی بلکہ اسکا اجلاس بھی منگل کی شام میں ہی بلا لیا گیا، جس میں تین سینئر ترین ججوں سید منصور علی شاہ، منیب اختر اور یحییٰ آفریدی کے نام پیش کردیےگئے۔ اجلاس میں راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک، سید نوید قمر، کامران مرتضیٰ، رعنا انصار، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف احمد شریک ہوئے۔ پارلیمان میں ووٹنگ کے بائیکاٹ کی طرح 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بھی پی ٹی آئی سنی اتحاد کونسل کے ارکان علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا خان نے بائیکاٹ کیا۔ اگر پی ٹی آئی نے صرف احتجاج اور بائیکاٹ کی سیاست ہی کرنی ہےتو پھر پوری لیڈرشپ کو بال بچوں سمیت ہمیشہ ہمیشہ کےلئے سڑکوں پر ٹینٹ لگا کر وہاں منتقل ہوجاناچاہے۔
پارلیمانی کمیٹی نے چند گھنٹوں کی مشاورت کے بعد حسب توقع تیسرے نمبر پر سنیارٹی والے جج جسٹس یحیی آفریدی کو دو تہائی اکثریت سے ملک کاچیف جسٹس چن لیا جو حال ہی میں کہہ چکے ہیں کہ پارلیمنٹ کو اس حد تک آگے جانا چاہیے کہ جس سے عدلیہ کی آزادی متاثر نہ ہو۔ چیف جسٹس کے چناؤ نے ثابت کیا کہ ترمیم کا اصل مقصد اور ٹارگٹ سینئر ترین جج سید منصور علی شاہ ہی تھے۔ کیونکہ اگر چیف جسٹس کی تعیناتی کا پہلے سے موجود طریقہ کار اپنایا جاتا تو وہی چیف جسٹس بننے کے حق دار تھے اس لئے انکا کا راستہ روکنا ضروری تھا۔
حکمران اتحاد کو خدشہ تھا کہ کہیں منصور علی شاہ چیف جسٹس بن کر 2024 کے الیکشن کے نتائج کا آڈٹ کرانے کا حکم نہ دے دیں۔ اس خوف کا اظہار وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا پر بار بار کیا۔ حکمران اتحاد کے اس خوف کا آغاز جسٹس منصور سمیت آٹھ ججوں کا مخصوص نسشتوں کو پی ٹی آئی کو دینے کے 12 جولائی کےحکم سے شروع ہوا۔ فیصلے کے بعدجسٹس منصور نے پھر اسکی پہلی وضاحت 14 ستمبر کو جاری کی جبکہ 18 اکتوبر کوایک بار پھر وضاحت کرنی پڑی اور الیکشن کمیشن کو اس پر عمل درآمد کا بھی کہا۔ مبینہ طور پر یہ معاملہ کمیٹی کے سامنے بھی آیا۔ خیال کیا گیا کہ وہ فیصلہ کرنے میں مکمل با اعتماد نہیں ہوتے جس وجہ سے وہ اس عہدے کے اہل نہیں۔ جسٹس منیب پر پہلے ہی تحریک انصاف کی سہولت کاری کا الزام تھا۔ بہرحال یہ میڈیا کی قیاس آرائیاں ہیں کیونکہ چیف جسٹس کے انتخاب کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بند کمرے میں ہوا اور شرکا کو اندر کی تفصیلات میڈیا کو بتانے کی اجازت نہیں تھی۔
ترمیمی پیکج پر نہ صرف پاکستان بھر میں شدید تنقید ہوئی بلکہ عالمی میڈیا اور انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹ (آئی سی جے) نے بھی حکومت پاکستان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں آئی سی جے نے کہا کہ یہ ترمیم عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک دھچکا ہے۔ آئی سی جے کے سیکریٹری جنرل سینٹیاگو کینٹن نے کہا کہ تبدیلیوں سے عدالتوں میں تعیناتیوں اور عدلیہ کے انتظامی معاملات پر سیاسی اثر و رسوخ میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان نے بھی ترمیم کے پیکج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو ڈرافٹ ہمیں دیا گیا تھا اسے تبدیل کر کے پارلیمان سے منظور کرایا گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق جس طرح آئینی بینچ ترتیب و تشکیل دئیے جائیں گے وہ بہت تشویشناک عمل ہوگا جس سے نہ صرف ان بینچوں کی ساکھ مشکوک ہوگی بلکہ ان میں براہ راست سیاسی دخل اندازی ہو گی۔
آئینی بینچ بھارت سمیت کئی ممالک میں قائم ہیں اور عام بینچوں اور آئینی بینچوں کے مابین دائرہ اختیار اور احکامات کے نفاذ سے متعلق مشکلات ہیں جن پر ایک الگ مضمون لکھا جا سکتا ہے تاہم پاکستان میں آئینی بینچوں نے اپنے سفر کا ابھی آغاز کرنا ہے، جس کا جائزہ گاہے بگاہے لیا جاتا رہے گا۔
جسٹس یحیی آفریدی مضمون کی اشاعت تک اپنے عہدے کا حلف لے چکے ہونگے۔ انتہائی قابل جج سمجھے جاتے ہیں ان پر ابھی تک قابل ذکر اعتراض تو نہیں آیا تاہم سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان اور چند دوسرے سینیر وکلا نے انکو انتظار کا مشورہ دیا ہے۔ تاکہ منصور علی شاہ سینیر ہونے کی وجہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھال سکیں۔
عام تاثر یہ ہے کہ 26 ویں ترمیم کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ ہے جو اس کے ذریعے 9 مئی کے ذمہ داروں سے نمٹنا چاہتی ہے تاہم بلاول بھٹو زرداری نے بی بی سی کو دیے انٹرویو میں اس تاثر کی تردید کی اور کہا کہ یہ ترمیم میثاق جمہوریت کی تکمیل کی طرف قدم ہے۔ “میں نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے ان نکات پر فوج کے کہنے پر نہیں اپنی والدہ کے کہنے پر عمل کیا”۔ گو کہ میثاق جمہوریت پر دستخط ہوئے 17 سال بیت چکے لیکن دیر آئید درست آئید۔
بی بی کی شہادت کے بعد 2008 میں بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے نہ صرف کنکرنٹ لسٹ کا خاتمہ کیا بلکہ اس سے وفاق کی 17 وزارتوں کا کام صوبوں کو منتقل ہوا جن میں خوراک و زراعت، صحت، تعلیم، سپورٹس، مائنارٹیز، ماحولیات، خواتین کی ترقی، لیبر اینڈ مین پاور جیسے شعبے شامل تھے۔ لیکن کیا حکومت کے تبدیل ہوتے ہی نون لیگ کی نئی حکومت نے ان وزارتوں کو نئے ناموں سے دوبارہ شروع نہیں کیا؟
میثاق جمہوریت کا بنیادی مقصد ریاست کے ماتحت ادارے کی سیاست اور حکومتی معاملات میں مداخلت کو ختم کرکے جمہوریت کو مضبوط کرنا تھا تو سوچنا ہوگا کہ کیا آج 17 سال بعد ادارے کی سیاست اور حکومتی معاملات میں مداخلت کم ہوئی یا ذیادہ؟ میرے نزدیک اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد نہ صرف حکومتی امور میں ان کی مداخلت بڑھ گئی بلکہ قانونی تحفظ فراہم کر دیا گیا ہے۔
ضیاءالحق کی آمریت سے لیکر نوے کی دہائی کے وسط تک آئین کے آرٹیکل اٹھاون 2 بی کا بدترین استعمال ہوا اور اسمبلیاں تحلیل کرکے حکومتیں گھر بھیجی گئیں۔ اس کے بعد آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت صادق اور امین نہ رہنے پر حکومت گھر بھیجی گئی، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کیوں نہیں ہورہی؟ اور یہ بھی کہ آرٹیکل 62 صرف پارلیمنٹیرینز پر ہی کیوں لاگو رہا؟ جنرل، جج اور بیوروکریٹس اتنے اچھے آرٹیکل کے احاطے سے کیوں باہر ہیں؟ مبینہ طور پر اٹھارہویں ترمیم کے وقت پیپلز پارٹی چاہتی تھی کہ ان آرٹیکلز میں ترامیم ہو یا انہیں ختم کیا جائے لیکن میاں محمد نواز شریف نے اسکے بجائے تیسری بار وزیر اعظم بننے کی شق شامل کرنے کو ترجیح دی۔ اور پھر پاناما کیس میں اسی کے ذریعے گھر بھیج دئیےگئے۔
مجھے صرف خدشہ نہیں بلکہ یقین ہے کہ عجلت میں کی گئی ان ترامیم کا نقصان مستقبل میں آج کے حکمرانوں کو ذیادہ ہوگا۔ معاملہ چھبیسویں ترمیم پر ہی نہیں رکے گا بلکہ جو مقاصد اس ترمیم سے حاصل نہیں کیے جا سکے وہ ستائیسویں ترمیم میں بہت جلد حاصل کر لئے جائیں گے۔ شاید عدلیہ کے بعد اب نہ رہے گا میڈیا اور نہ رہے گی شخصی آزادی۔