۲۹ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
انسداد دہشت گردی عدالت نے ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ایڈوکیٹ ہادی علی کو تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایمان مزاری اور ہادی علی کو بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے وزٹ کے دوران کار سرکار میں مداخلت پر اٹھائیس اکتوبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
منگل کے روز ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ایڈوکیٹ ہادی علی کو تھانہ آبپارہ میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ایمان مزاری اور ہادی علی کی جانب سے ایڈوکیٹ احسن پیرزاددہ اور ایڈوکیٹ زینب جنجوعہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر کی جانب سے مقدمہ کا متن پڑھا گیا، جبکہ پولیس کی جانب سے 30 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
سماعت کے بعد عدالت سے باہرنکلتے ہوۓ ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ انہیں جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا۔ مزاری نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’مقدمہ میرے خلاف نہیں بلکہ اس ٹریفک پولیس اہلکار کے خلاف درج کیا جانا چاہیے جس نے مجھے مارا اور میری میڈیکل رپورٹ اس تشدد کو ثابت کرتی ہے۔‘‘ مزاری نے مزید کہا انسداد دہشت گردی کا مقدمہ اس بات کا ثبوت تھا کہ وہ فسطائی نظام حکومت کے تحت زندگی گزار رہے تھے۔
سماعت کے بعد وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے ایڈوکیٹ احسن جنجوعہ کا کہنا تھا کہ قانون کا احترام ہم سب کو کرنا چاہیے، چاہے وہ وکیل ہی کیوں نہ ہو لیکن دہشتگردی کی دفعات لگانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ایمان مزاری کی والدہ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کی کاپی کل سے ہمیں نہیں دی گئی، جبکہ پراسیکیوٹر کو بھی ایف آئی آر کی کاپی کورٹ میں آکر دی گئی ہے۔ایمان مزاری کے قریبی دوست اور صحافی اسد علی طور کا کہنا تھا کہ پولیس نہ تو ہمیں ملنے دے رہی تھی بلکہ ہمیں یہ تک نہیں بتایا گیا کہ وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔
انسانی حقوق کی کارکن فریحہ عزیز نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی کے وکیلوں کو بھی ان تک رسائی نہیں دی گئی اور آخر تک معلوم نہ ہوسکا کہ کونسی عدالت میں دونوں کو پیش کیا جائےگا۔ یاد رہے کہ پیر کے روز اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا تھا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی کو بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے وزٹ کے دوران کار سرکار میں مداخلت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دونوں پر درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 7، تعزیر پاکستان کے تحت سیکشنز 503 (مجرمانہ دھمکی کی سزا)، 353 (سرکاری ملازم کو روکنے کے لیے حملہ)، 186 (سرکاری ملازم کے کام میں رکاوٹ ڈالنا)، 148 (مہلک ہتھیار سے فسادکرنا)، 149 (غیر قانونی اجتماع) اور 120-B (منصوبہ بندی کرکے جرم کرنا) کے دفعات عائید کیے گئے تھے ۔