۳۱ اکتوبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت میں حالیہ اضافے کے باعث پنجاب حکومت نے شہر کے مخصوص علاقوں میں ’گرین لاک ڈاؤن‘ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور کا شمار گزشتہ چند دنوں سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا رہا ہے، جہاں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ پیر کو شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 700 کی حد سے بھی تجاوز کر گیا۔ بدھ کے روز یہ انڈیکس کم ہو کر تقریباً 200 تک آگیا ۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ دوبارہ بڑھ سکتا ہے کیونکہ سموگ پیدا کرنے والے عوامل فضا میں موجود ہیں۔

پنجاب حکومت کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی ایک بڑی وجہ ہمسایہ ملک بھارت سے آنے والی ہوا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ تقریباً 30 فیصد سموگ بھارتی پنجاب سے ہواؤں کے ذریعے پاکستان میں آتی ہے، جو ہر سال کا ایک معمول بن چکا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت نے لاہور کے کم از کم دس مقامات پر ’گرین لاک ڈاؤن‘ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان علاقوں میں چنگ چی رکشوں اور بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی، سرکاری اور نجی اداروں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلز مخصوص جگہوں پر ہی پارک کی جا سکیں گی، جبکہ ملازمین کے لیے ’ہائبرڈ ورکنگ‘ یعنی گھر سے کام کرنے کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس بحران پر قابو پانے کے لیے بھارت کے ساتھ ’ماحولیاتی سفارت کاری‘ کا عندیہ دیا ہے اور بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سموگ کے مسائل پر تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

گرین لاک ڈاؤن کے تحت سب سے زیادہ آلودہ علاقوں میں پہلے مرحلے میں شملہ پہاڑی سے اقدامات شروع کیے جائیں گے۔ شملہ پہاڑی کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں تعمیراتی کام، چنگ چی رکشوں کا داخلہ، تجارتی جنریٹرز کا استعمال اور رات 8 بجے کے بعد باربی کیو پر پابندی عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گے، جبکہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کھانے پکانے کے لیے کوئلے، لکڑی یا چارکول کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 4 نومبر سے ان ’ہاٹ سپاٹ‘ علاقوں میں سرکاری اور نجی اداروں میں 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا پابند کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں دھواں چھوڑنے والی بھاری اور چھوٹی گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی، اور اس حوالے سے سٹی ٹریفک پولیس ایک خصوصی پالیسی ترتیب دے گی جس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اس پالیسی کے مطابق، گاڑیوں کی پارکنگ بھی ٹریفک پولیس کے طے شدہ اصولوں کے تحت ہوگی اور ہر قسم کی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔

لاہور میں سموگ کے ان مخصوص ہاٹ سپاٹس میں ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ، کشمیر روڈ، ایبٹ روڈ پر شملہ پہاڑی سے گلستان سینما تک کا علاقہ، ایمپریس روڈ پر شملہ پہاڑی سے ریلوے ہیڈ کوارٹرز تک کا علاقہ اور کوئین میری روڈ پر ڈیورنڈ روڈ سے علامہ اقبال روڈ تک کے علاقے شامل ہیں۔پنجاب حکومت کے ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو مضر فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنا اور ایئر کوالٹی انڈیکس کو ممکنہ حد تک کم کرنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here