۷ اکتوبر ۲۰۲۴

تحریر : اعتزاز ابراہیم


لاہور

حکومت پاکستان نے اتوار کے روز پستون تحفظ موومنٹ کو ملکی سلامتی پر ’خطرہ‘ قرار دے کر پابندی عائد کردی ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شواہد کی روشنی میں پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ ملک میں امن و سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے، 1997 کے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

پشتون تخفظ موومنٹ کے ذرائع نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ حکومت کا یہ حربہ 11 اکتوبر کو ہونے والے پشتون قومی جرگہ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے ۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد پی ٹی ایم کے کل ہونے والے اجلاس میں منظور پشتین اور باقی ارکان نے کل متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہر صورت حال میں جرگہ ہوگا۔ ‘‘

پی ٹی ایم پر پابندی کے فیصلے کو کورٹ میں چیلنج کرنے کے سوال پر انکا کہنا تھا کہ ابھی اس کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا 11 اکتوبر کے جرگہ میں اس حوالے سے اعلان کیا جائے گا ۔

یاد رہے یہ پابندی لگانے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب پشتون تخفظ موومنٹ نے 11 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں 11 اکتوبر کو ’ قومی پشتون جرگہ‘ کے نام سے ایک جرگہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی ایم کے مطابق یہ جرگہ پشتون خطے میں جاری بدامنی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے مشترکہ بیٹھک ہو گی، جہاں اس کے حل کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کے فیصلے پر تنقیدی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’پشتون تخفظ موومنٹ حقوق پر مبنی تحریک ہے جس نے کبھی تشدد کا سہارا نہیں لیا اور ہمیشہ اپنے مقصد کی وکالت کے لیے آئین کے فریم ورک کا استعمال کیا۔ یہ فیصلہ نہ تو شفاف تھا اور نہ ہی اس کی ضرورت تھی۔ نوٹیفکیشن واپس لیا جائے اور پی ٹی ایم کو اپنی پرامن تحریک جاری رکھنے کی اجازت دی جائے‘‘۔

 

سابق ایم این اے اور مرکزی چیئرمین نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ محسن داوڑ نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ خطے میں عسکریت پسندی کی پرورش اور تحفظ کرنے والی ریاست نے پی ٹی ایم پر پابندی لگا دی ہے۔ اس سے لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور انسانی حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کو یہ پیغام جاتا ہے کہ ریاست پرامن جدوجہد پر یقین نہیں رکھتی۔ یہ پختونخوا میں جنگی کاروبار کو ہوا دینے کا ایک اور اقدام ہے‘‘۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے حکومتی فیصلے پر افسوس کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ’’ پی ٹی ایم پر پابندی انتہائی غیر دانشمندانہ ، قابل مذمت ہے ۔ پارٹیوں اور تحریکوں کو مخص نوٹیفکیشن سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ تاریخ اس کی گواہ ہے تمام حکومتیں غلطیاں کرتی ہیں لیکن پرانی غلطیاں کیوں دہرائیں۔ اگر آپ کو غلطیاں ہی کرنی ہیں تو سیکھنے کے لیے نئی غلطی کریں‘‘۔

بلوچ یکجہتی کیمٹی کی مرکزی رہنما ماہ رنگ بلوچ نے بھی اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایکس پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’’ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو کالعدم تنظیم قرار دینے کا فیصلہ جمہوری اصولوں کی شدید خلاف ورزی اور ریاستی آمریت میں خطرناک حد تک اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔یہ کارروائی ریاست پاکستان کی جانب سے پرامن سیاسی تحریکوں اور اختلافی آوازوں کو جابرانہ اقدامات کے ذریعے دبانے کے جاری رجحان کی طرف اشارہ ہے۔ پشتون کمیونٹی کے بنیادی انسانی حقوق کی وکالت کرنے والی ایک پرامن سیاسی تنظیم پی ٹی ایم کو ریاستی مخالفت کا سامنا ہے‘‘۔

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین نے ایکس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے حکومت کو اس ٖفیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ اپنی ویڈیو میں انکا کہنا تھا کہ ’’ پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کا اقدام پشتون قوم کے خلاف بہت بڑی سازش ہے، پشتون قوم اس پابندی کو نہیں مانتی ۔ میں اس پابندی کو یکسر مسترد کرتا ہوں ۔ جنہوں نے پابندی کا نوٹیفیکیشن نکالا وہ ظالم ہیں، جابر ہیں۔ اس کو واپس لیا جائے‘‘۔

جماعت اسلامی کے رہنما و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھی حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’ پشتون تحفظ موومنٹ کو غیر قانونی قرار دے کر اس پر پابندی لگانے کی مذمت کرتاہوں،حکومت فوری طور پر یہ حکم واپس لے۔امن عامہ اور سیکیورٹی کے مبہم الفاظ کی آڑ میں یہ سول رائٹس کے اوپر حملہ ہے‘‘۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے جرگے کے اعلان کے بعد یکم اکتوبر کی شب پشاور پولیس نے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں ’پشتون قومی جرگے‘ کی جلسہ گاہ پر چھاپہ مارا جبکہ بعد میں پولیس اور پی ٹی ایم کارکنان کے مابین جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے اپنے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ پشاور پولیس کے چھاپے کے دوران فائرنگ اور شیلنگ بھی کی گئی ہے جس سے متعدد کارکنان زخمی ہوئے ہیں جبکہ خیمے بھی اکھاڑ دیے گئے۔

پشتون تخفظ موومنٹ کا پس منظر 

پشتون تخفظ موومنٹ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں رہنے والے پشتونوں کے حقوق کی تحریک ہے جس کا آغاز مئی 2014 میں ہوا۔ اپنے آغاز میں اس تحریک کا نام ’’محسود تحفظ تحریک ‘‘ تھا جس کا مقصد جنگ سے متاثرہ وزیرستان اور سابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں زمینی مسماریوں کا خاتمہ اور سیکورٹی چوکیوں پر پشتونوں کی ذلت کی روک تھام کرنا تھا۔ جنوری 2018 کراچی میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کے بعد اس کا نام تبدیل کرکے پشتون تحفظ موومنٹ رکھا دیا گیا۔ اس تحریک کے سربراہ انسانی حقوق کے کارکن منظور پشتین ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here