۸ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم ، شوکت کورائی
لاہور
ماہ رنگ بلوچ نے آج کراچی پریس کلب میں گزشتہ رات کراچی انٹرنیشل ائیرپورٹ پر انہیں نیویارک ٹائم میگزین کے ایونٹ میں جانے کے روکنے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کراچی ایئرپورٹ پر بغیر کسی قانونی وجہ کے نیویارک میں ٹائم میگزین کے ایونٹ میں جانے سے روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نیوریاک ٹائم میگزین کے گالا میں شرکت کے لئے جانا تھا جہاں مجھے اور دوسرے رہنماوں جن کا نام ٹائم میگزین میں ۲۰۲۴ کے بااثر ابھرتے ہوئے لیڈر آف دی ایئر کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ تاہم مجھے بغیر کسی قانونی وجہ کے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بلاجواز پانچ گھنٹے روکے رکھا گیا اور جانے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ میرے پاس ویزہ یو ایس اے کا ویزہ اور ٹائم میگزین کا دعوت نامہ موجود تھا، یہ عمل نقل و حرکت کی آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے۔ میرے سفر کو روکنے کا کوئی جائز مقصد نہیں تھا، سوائے بلوچ آوازوں کو بین الاقوامی سطح پر سننے سے روکنے، اور بلوچستان میں کئی دہائیوں سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو چھپانے کے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ائیرپورٹ سے گھر واپسی پر ان کی گاڑی کو سندھ پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاورں کی جانب سے روکا گیا اور ڈرئیوار پر تشدد کیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ جیسے ہی ہم ائیر پورٹ سے نکلے ہیں ہماری گاڑی جس میں وہ خود سیمی دین اور ایک خاتون موجود تھی پر سندھ پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے پولیس سمیت گھیرے میں لے کر گاڑی کی تلاشی لی ہمارے دوپٹے کیھنچے گئے ، گالیاں دی گئی اور گاڑی کے ڈرائیور گھونسے مکے اور لاتیں ماری گئی۔ہماری گاڑی کی چابی ، میرا پاسپورٹ ، موبائل فون چھین لیا گیا ۔ ہم ایک کھلی سڑک پر کھڑے ہیں۔ ہم خود کو غیر مخفوظ سمجھتے ہوئے اپنی گاڑی وہاں چھوڑ کر ٹیکسی لے کر واپس گھر پہنچے۔
ہیومین رائٹس کیمشن آف پاکستان نے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’’ ماہ رنگ بلوچ نیویارک میں ٹائم میگزین کے ایونٹ میں ایوارڈ وصول کرنے کے لئے جارہی تھی ان کو روکنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ہمیں یہ جان کر بھی تشویش ہے کہ اس کا پاسپورٹ اور موبائل فون مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے حکام نے ضبط کر لیا تھا ۔ ڈاکٹر بلوچ نے جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف وکالت کی ہے، اور ان کی کوششوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اسے بیرون ملک سفر کرنے سے روکنا اس کے آزادی اظہار اور نقل و حرکت کے حق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اسے ملک کے اندر اور باہر آزادانہ اور محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔‘‘
وکیل و انسانی حقوق کی کارکن ایمان مزاری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ’’ گزشتہ رات جان بوجھ کر اور بار بار بلوچ خواتین کو نشانہ بنایا گیا لیکن سندھ حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی ہے۔ جب پرامن سرگرمی کا انتخاب کرنے والوں کو اس طرح نشانہ بنایا جاتا ہے، تو ریاست خود عوام کو دوسرا راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔‘‘
کراچی سے تعلق رکھنے وکیل جبران ناصر ایکس پر لکھتے ہیں’’ریاست اپنی غلطیوں، ناکامیوں اور دہشت گردی کے حملوں کے خلاف موثر سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکامی کو چھپانے کے لیے پرامن کارکنوں کو نشانہ بنانے اور ہراساں کر رہی ہے۔ ماہ رنگ بلوچ کو نہ صرف گزشتہ رات اس کی فلائٹ میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ بعد میں اطلاعات کے مطابق اسے اور سمیع بلوچ کو ایئرپورٹ سے نکلتے وقت روکا گیا اور ان سے بدتمیزی کی گئی، ان کے ڈرائیور کو مارا پیٹا گیا اور گاڑی کی چابیاں چھین لی گئیں۔ مہرنگ ٹائم میگزین کے گالا میں شرکت کے لیے نیویارک جا رہی تھیں جہاں انھیں سال کے سب سے زیادہ بااثر ابھرتے ہوئے رہنماؤں کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا۔‘‘
صحافی منیزے جہانگیر نے ماہ رنگ بلوچ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ ماہ رنگ بلوچ پر ریاست کے غیر اعلانیہ پابندی کی شدید مذمت کرنی چاہیے۔ ریاست کو اپنے شہریوں کے سفر کے بنیادی حق کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر مہرنگ بلوچ ٹائم میگزین کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں جہاں انھیں بلوچ عوام اور جبری گمشدگیوں کے خلاف ان کی جدوجہد پر تسلیم کیا جانا تھا۔‘‘
سئنیر سیاستدان افراسیاب خٹک نے بھی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ’’ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بیرون ملک سفر سے روکنا حکومت کی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ ماہ رنگ بلوچ اور اس کے ساتھی نے اپنی بہادر اور پرعزم جدوجہد سے اپنے لوگوں اور دنیا میں پہچان حاصل کی ہے۔ اس کی مزید کامیابیوں کی دعا کریں۔‘‘
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سنٹرل چیئرمین محسن داوڑ نے واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ شرمناک ہے کہ بلوچوں کے حقوق کی سب سے بڑی تحریک کی قیادت کرنے والی ماہ رنگ بلوچ کو روک دیا گیا جو نیویارک میں ٹائم میگزین کے ایونٹ میں شرکت کے لئے جارہی تھی۔ ریاست عقل و دانش کی آوازوں کو ہراساں کر رہی ہے۔‘‘