۸ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی پیشی ہوئی، جنہیں تھانہ کوہسار میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے کیس کی سماعت کی۔
ملزمان کی جانب سے وکلاء نیاز اللہ نیازی، فیصل چوہدری، علی بخاری، سردار مصروف آمنہ علی و دیگر پیش ہوئے، جبکہ ریاست کی طرف سے پراسیکیوٹر راجہ نوید اور کیس کے تفتیشی افسر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ ایک سازش کے تحت ہوا اور مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان نے کارکنوں کو بھڑکایا، جس کے نتیجے میں پولیس پر حملہ کیا گیا اور اس دوران قریباً 30 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے میگا فون برآمد ہو چکا ہے، لیکن موبائل فون کی برآمدگی ابھی باقی ہے، اور ملزمان تفتیش میں تعاون نہیں کر رہیں، جس پر مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
ملزمان کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو 4 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا اور 6 اکتوبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی بیلف کے ذریعے دونوں خواتین کو تھانے سے بازیاب کرایا گیا اور یہ کیس حبس بے جا میں رکھنے کا ہے، نہ کہ کسی برآمدگی کا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین نہتی تھیں اور اس کی ویڈیوز بھی موجود ہیں، مگر گرفتاری کے بعد انہیں دو دن تک کہاں رکھا گیا، اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ مقدمے میں عامر مغل کا نام شامل ہے، حالانکہ وہ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا جائے کیونکہ ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ پہلے ہی جیل میں ہیں، اور اب ان کی بہنوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر، نیاز اللہ نیازی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں خواتین کے ساتھ تاریخ میں پہلی بار اس طرح کا غیر مناسب سلوک ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کسی بھی ملزم کو 24 گھنٹوں میں عدالت کے سامنے پیش کرنا ضروری ہوتا ہے، جبکہ یہ خواتین 48 گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھی گئیں۔
پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی مزید تفتیش کی جانی ہے۔ پراسیکیوٹر نے جج سے استفسار کیا کہ ابھی تک صرف میگا فون برآمد ہوا ہے، تاہم موبائل فون کی برآمدگی اور دیگر پہلوؤں کی تفتیش ابھی باقی ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے گرفتار دیگر 58 مظاہرین کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا تھا