رپورٹ: رانا مالہی


:اسلام آباد

منگل کے روز سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔ جس میں جسٹس امین الدین خان،جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی پانچ رکنی لارجر بنچ کا حصہ تھے۔

سماعت کے آغاز میں صدر سپریم کورٹ بار کے رہنما شہزاد شوکت اور پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر روسٹرم پر آئے۔ وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا، انہوں نے کہا کہ میں بنچ پر اعتراض اٹھانا چاہتا ہوں۔

جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا آپ بیٹھ جائیں بعد میں آپ کو سنیں گے۔

جبکہ علی ظفر بار بار بات کرنے کی اجازت دینے پر عدالت میں اصرار کرتے رہے۔

جس پر چیف جسٹس نے مکالمہ کیا آپکو میری بات سمجھ نہیں آرہی، ہم آپکی عزت کرتے ہیں آپ بھی خیال رکھیں، شہزاد شوکت کو بولنے دیں کیا یہ آپکے صدر نہیں ہیں، جمہوریت کا کبھی تو خیال کر لیں آپکو بعد میں سن لیں گے۔

کل کی سماعت میں جسٹس منیب اختر کی عدم شرکت کے حوالے سے چیف جسٹس نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا عدالت کو آگاہ کرنا چاہتاہوں، جسٹس منیب اختر کو کل سماعت کے بعد بنچ میں شمولیت کی درخواست بھیجی گئی، جسٹس منیب اختر نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی، میں نے کمیٹی اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ کو شامل کرنے کی سفارش کی، سپریم کورٹ میں اب جو ہوتا ہے سب کے سامنے ہوتا ہے۔ ججز کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ کا انتظار کیا گیا، جسٹس منصورعلی شاہ کے آفس بھی رابطہ کیا گیا، جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے شرکت پر انکار کیا گیا، ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں بچا تھا، میں نہیں چاہتا دوسرے بنچز کو ڈسٹرب کیا جائے، جسٹس نعیم افغان کو نئے لارجر بنچ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ آج کل سب کو معلوم ہے کہ سپریم کورٹ میں کیا چل رہا ہے، آج کل سپریم کورٹ میں کچھ بھی بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہو رہا، اب لارجر بنچ مکمل ہے کارروائی شروع کی جائے۔

سماعت کے آغاز میں وکیل درخواست گزار صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 18 مارچ 2022 کو سپریم کورٹ بار نے درخواست دائر کی، 21 مارچ کو چار سوالات پر مبنی صدارتی ریفرنس بھجوایا گیا۔

جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ریفرنس اور آپکی درخواستوں کو ایک ساتھ سنا جا سکتا تھا۔

وکیل شہزاد شوکت نے مؤقف اختیار کیا کہ 27 مارچ کو اس وقت کے وزیراعظم نے ایک ریلی نکالی تھی۔

چیف جسٹس نے شہزاد شوکت سے مکالمہ کیا کہ سیاسی معاملات پر بات نہ کریں۔

شہزاد شوکت نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کیس میں صدارتی ریفرنس بھی تھا اور 184/3 کی درخواستیں بھی تھیں۔

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ ریفرنس پر رائے اور 184/3 کی درخواست دو الگ الگ دائرہ اختیار ہیں، دونوں کو یکجا کر کے فیصلہ کیسے دیا جا سکتا ہے، صدارتی ریفرنس پر صرف رائے دی جا سکتی ہے فیصلہ نہیں دیا جاسکتا۔ کیا دونوں دائرہ اختیار مختلف نہیں ہیں؟ کیاعدالت نے دونوں معاملات کو یکجا کرنے کی وجوہات پر کوئی فیصلہ جاری کیا؟ صدارتی ریفرنس پر صرف صدر کے قانونی سوالات کا جواب دیا جاتا ہے، صدراتی ریفرنس پر دی گئی رائے پر عمل نہ ہو تو صدر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی تو نہیں ہو سکتی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے شہزاد شوکت سے استفسار کیا کہ اس وقت صدر کون تھا؟

شہزاد شوکت نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت عارف علوی صدر مملکت تھے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریماکس دیئے کہ وہی حکومت بطور حکومت بھی اس کیس میں درخواست گزار تھی۔

شہزاد شوکت نے آرٹیکل 63 اے عدالت میں پڑھ کر سنایا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے استفسار کیا کہ صدر کی جانب سے قانونی سوالات کیا اٹھائے گئے تھے؟

شہزاد شوکت نے بتایا کہ صدر پاکستان نے ریفرنس میں چار سوالات اٹھائے تھے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ
کیا فیصلے میں منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا بھی لکھا گیا؟

جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ منحرف ارکان کا ووٹ کاسٹ نہیں ہوگا، ڈی سیٹ کرنے کا حکم فیصلے میں نہیں۔

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ آئین میں تحریک عدم اعتماد،وزیر اعظم اور وزیر اعلی کا انتخاب اور منی بل کی وضاحت موجود ہے، جب آئین واضح ہے تو اس میں اپنی طرف سے کیسے کچھ شامل کیا جاسکتا ہے۔

شہزاد شوکت نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت خیانت کے عنصر پر رائے مانگی گئی تھی، عدالت نے کہا آرٹیکل 63 اے کو اکیلے نہیں دیکھا جا سکتا، عدالت نے قرار دیا کہ سیاسی جماعتیں جمہوریت کیلئے اہم ہیں، عدالت نے قرار دیا کہ پارٹی پالیسی سے انحراف سیاسی جماعتوں کیلئے کینسر ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عدالت کی یہ رائے صدر کے سوال کا جواب تھی؟

شہزاد شوکت نے کہا رائے صدر مملکت کے سوال کا جواب نہیں تھی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا اخلاقیات سے متعلق ریفرنس میں سوال بنتا تھا؟

شہزاد شوکت نے کہا عدالت نے قرار دیا تھا منحرف رکن کا ووٹ گنا نہیں جا سکتا، ایک سوال کسی رکن پارلیمنٹ کے ضمیر کی آواز سے متعلق تھا، فیصلے میں آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی۔

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے ابھی آپ ایسے دلائل نہ دیں بنیادی حقائق مکمل کریں، انحراف کیلئے کینسر کا لفظ لکھا گیا، کینسر لفظ نہ ہوتا تو کیا سوال کا اثر کم ہو جاتا؟

جس پر شہزاد شوکت نے کہا ہم اکثریتی فیصلے پر اعتراض اٹھا رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ فیصلے میں یہ کہاں لکھا ہے کہ ووٹ نہ گنے جانے پر رکن نااہل ہوگا، معاملہ جماعت کے سربراہ پر چھوڑا گیا جماعت کے سربراہ کی مرضی ہے کہ چاہے تو نااہل نہ کرے، جماعت کا سربراہ اگر نااہلی کا ڈیکلریشن بھیجے ہی نہ تو کیا ہوگا؟

شہزاد شوکت نے کہا کہ پھر یہ معاملہ ختم ہو جائے گا۔

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ عدم اعتماد میں اگر ووٹ گنا ہی نہ جائے تو وزیراعظم ہٹایا ہی نہیں جا سکتا، یعنی آرٹیکل 95 تو غیر فعال ہوگیا۔

شہزاد شوکت نے کہا اگر ووٹ گنا نہ جائے تو پھر بجٹ پارلیمنٹ سے منظور ہونے کی شرط کیوں ہے؟

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے ووٹنگ کروائی ہی اس لیے جاتی ہے کہ اسے گنا بھی جائے، کیا عدالت نے فیصلے میں آرٹیکل 95 پر کچھ کہا؟ کسی جماعت کا رکن پارٹی سربراہ کو پسند نہ کرے اور ہٹانا چاہے تو کیا کیا جائےگا؟ اگر اراکین کا ووٹ تک گنا ہی نہیں جاسکتا تو کیا کیا جائےگا؟ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے سے تو پارٹی سربراہ کو سارا اختیار مل گیا، اگر جماعت کے ارکان اپنے ہی سربراہ کو ہٹانا چاہیں تو فیصلے کے بعد نہیں ہٹا سکتے، برطانیہ میں وزیر اعظم کیخلاف اس کی اپنی جماعت کے ممبران عدم اعتماد کی تحریک لائے۔

شہزاد شوکت نے کہا فیصلے میں کہا گیا انحراف کرپٹ پریکٹس جیسا ہے۔

چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ کسی کے ضمیر کا معاملہ طےکرنا مشکل ہے، کیا یہ فیصلہ آرٹیکل 95 اور 163 کو متاثر نہیں کرتا؟ کیا یہ پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں بدلنے جیسا نہیں؟

شہزاد شوکت نے کہا کہ فیصلے میں کہا گیا کہ کوئی ایک مثال موجود نہیں جس میں انحراف ضمیر کی آواز پر کیا گیا ہو۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سچ میں ایسا کچھ لکھا گیا ہے؟

شہزاد شوکت نے کہا جی بالکل ایسا ہی لکھا گیا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here