رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعرات کے روز سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق عدالت کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے آئینی آرٹیکل پر اپنے سابقہ فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی، پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا اور نظرثانی درخواست منظور کرلی۔

سماعت کے آغاز میں وکیل علی ظفر نے سپریم کورٹ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آئین میں ترامیم کی تجویز دے رہی ہے، اور خدشہ ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دے گی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ان کے موکل، عمران خان، عدالت میں ذاتی طور پر ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا مقدمہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔

جب چیف جسٹس نے ان سے مقدمے پر دلائل شروع کرنے کو کہا تو وکیل نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے عمران خان عدالت میں اپنی بات پیش کریں گے، پھر وہ دلائل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کو بینچ پر کچھ اعتراضات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالت کے سامنے کچھ باتیں رکھنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے انہیں یاد دلایا کہ وہ نہ صرف اپنے موکل کے وکیل ہیں، بلکہ عدالت کے افسر بھی ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ بھی وکیل رہ چکے ہیں، لیکن انہوں نے اپنے موکل کی ہر بات پر عمل نہیں کیا، بلکہ صرف وہی کیا جو قانون کے مطابق تھا۔

علی ظفر نے کہا کہ اگر عمران خان کو بولنے کی اجازت نہ دی گئی تو وہ پیش نہیں ہوں گے، اور مزید کہا کہ حکومت کچھ ترامیم لانا چاہتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ سیاسی بیانات دے رہے ہیں تاکہ اگلے دن کی سرخیوں میں جگہ پائیں
وکیل نے کہا کہ آج کا اخبار بھی یہی کہتا ہے کہ 25 اکتوبر سے پہلے آئینی ترمیم لازمی ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید دعویٰ کیا کہ حکومت آئینی ترمیم لانا چاہتی ہے اور یہ تاثر ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دے گی۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وکیل پر توہین عدالت کا الزام لگ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت ان کا احترام کرتی ہے، اس لیے انہیں بھی عدالت کا احترام کرنا چاہیے۔

عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کا کہنا ہے کہ بینچ کی تشکیل درست نہیں ہے، اس لیے وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔

جس کے بعد سپریم کورٹ نے علی ظفر کو عدالتی معاون مقرر کیا، جس کے بعد وکیل نے کہا کہ ان کے موکل عمران خان کا مؤقف ہے کہ بینچ قانونی نہیں ہے، اس لیے آگے بڑھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فیصلے سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ عدالت نظرثانی کی درخواست کو مسترد بھی کر سکتی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ صدر نے آرٹیکل  کے حوالے سے رائے مانگی تھی، اور اس رائے کے خلاف نظرثانی دائر نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف صدر ہی عدالت سے وضاحت مانگ سکتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی اس معاملے میں درخواست دائر کی تھی۔

علی ظفر نے جواب دیا کہ انہوں نے فلور کراسنگ پر تاحیات نااہلی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن عدالت نے کہا تھا کہ اس پر پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جا سکتی ہے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آرٹیکل 63 اے کی تشریح پر فیصلہ دینے والے ججوں کی اکثریت نے لفظ “رائے” لکھا تھا یا “فیصلہ” استعمال کیا تھا؟ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اس کا فیصلہ عدالت کرے گی کہ یہ رائے تھی یا فیصلہ۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ نظرثانی کی درخواست کی حمایت کرتے ہیں کہ لفظ “فیصلہ” کو رائے سے تبدیل کر دیا جائے؟

جسٹس مندوخیل نے کہا کہ وہ اور جسٹس مظہر بھی پہلے بینچ کا حصہ تھے، لیکن ان کے خلاف کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا۔

بیرسٹر ظفر نے جواب دیا کہ اعتراض بینچ کی تشکیل پر تھا، کسی فرد پر نہیں، عدالت نے آئینی درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریفرنس پر اپنی رائے دی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کوئی آئین یا سزائے موت سے ناخوش ہو سکتا ہے، لیکن ہر ایک فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہوتا ہے۔ “کیا کوئی جج حلف لے کر کہہ سکتا ہے کہ وہ آئین کی کسی خاص شق سے خوش نہیں؟” انہوں نے مزید کہا کہ ہر آمر کہتا ہے کہ وہ تمام بدعنوان ارکان پارلیمنٹ اور قانون سازوں کو ختم کر دے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے سب فوجی حکومت میں شامل ہو جاتے ہیں، اور پھر جمہوریت کی بات کرتے ہیں
علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین میں درج حقِ زندگی کے اصول کو فروغ دیا ہے۔ بنیادی حق کے اصول کو فروغ دینا آئین کی از سر نو تحریر نہیں ہے۔

یاد رہے یہ کیس 2022 میں تحریک عدم اعتماد سے قبل اس وقت کے صدر عارف علوی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کیے گئے ایک ریفرنس سے جڑا ہوا ہے، جس میں اس آرٹیکل پر عدالت عظمیٰ کی رائے طلب کی گئی تھی۔

تین ججز اس وقت کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر نے حق میں فیصلہ دیا تھاجبکہ جسٹس مندوخیل اور جسٹس مظہر نے فیصلے سے اختلاف کیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here