۱ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پاکستان میں سوشل میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے حکومتی بیانات اور عوامی مباحثہ جاری ہے۔ گزشتہ روز وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور ہائی کورٹ میں فیک ویڈیو کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا سائٹس کو ملکی قوانین کے تحت ریگولیٹ کرنا ہوگا، ورنہ حکومت کو انہیں بند کر دینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حکومت پاکستان کا سوشل میڈیا سائٹس کے ساتھ کوئی باقاعدہ معاہدہ موجود نہیں ہے، جس کے تحت متنازع مواد کو ہٹایا جا سکے۔
اس سلسلے میں معروف وکیل ثاقب جیلانی کا کہنا ہے کہ حکومت کو پہلے سے موجود قوانین کے تحت سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی پھیلانے والوں اور مذہبی منافرت پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق جمہوری ممالک میں اس نوعیت کی پابندیاں نہیں لگائی جاتیں، اور اگر کوئی مذہبی یا نظریاتی منافرت پھیلا رہا ہو تو اسے قابو کرنے کے لیے قوانین موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی تنقید کی وجہ سے سوشل میڈیا پر پابندی نہیں لگانی چاہیے بلکہ حکومت کو اپنے سیاسی بیانیے کا مؤثر جواب دینا چاہیے۔
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی سوشل میڈیا پر پابندی کے بجائے ریگولیشن کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور مواد پھیلانے کے ذریعے ڈالر کمانا ناقابل قبول ہے، لیکن سوشل میڈیا کو بند کرنا اس کا حل نہیں۔ ان کے مطابق ریگولیشن ایک مناسب طریقہ ہے جس سے سوشل میڈیا کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پابندی 17 فروری 2024 کو جنرل الیکشن کے بعد عائد کی گئی تھی، اور اب سات ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن پابندی تاحال برقرار ہے۔ حکومتی عہدیداران کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹس کو ملکی قوانین کے تحت چلنا ہوگا، ورنہ ان کے خلاف مزید اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔