تحریر: ریحان پراچہ


لاہور

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے تشویش ظاہر کی ملک میں پرامن اجتماع کی آزادی سلب کی جا رہی ہے اور شاہنواز قتل کی جوڈیشل کمیشن کے تحت آزاد تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

14 اکتوبر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوۓ ایچ آر سی پی کے چیئرپرسن اسد بٹ نے کہا پرامن مظاہرین جن میں دانشور، صحافی، ماہرین تعلیم اور خواتین شامل تھیں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا.انہوں نے پرامن مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب کی سول سوسائٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھ میں سول سوسائٹی کی کوششوں کا ساتھ دیں۔

سابقہ چیئرپرسن حنا جیلانی نے کہا کہ ایچ آر سی پی شہریوں کے پرامن احتجاج کے حق پر یقین رکھتی ہے اور پرامن احتجاج کا مقصد قانون کی بالا دستی قائم کرنا ہے نہ کہ قانون شکنی کرنا ہے.”سندھ راوداری مارچ کے مقصد کو نہ بھولیں: پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کیے گئے ایک شخص کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنا تھا۔ یہ کوئی سیاسی جلسہ نہیں تھا۔ اور اگر ایسا ہوتا تو بھی پرامن اجتماع کی آزادی ایک بنیادی حق ہے۔ ہم قانون کی حکمرانی کے اندر پرامن طریقے سے جمع ہونے کے حق پر یقین رکھتے ہیں اور واضح طور پر اس کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تشدد اور تذلیل کرنے والے پولیس افسران کا فوری محاسبہ کریں،” حنا جیلانی نے کہا. انہوں نے شاہنواز قتل کی جوڈیشل کمیشن کے تحت آزاد تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ایچ آر سی پی نے کہا ہو سکتا ہے کہ مارچ کی مخالفت میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت ٹی ایل پی کے احتجاج سے تصادم کا خطرہ پیدا ہو گیا ہو مگر ٹی ایل پی کی متشدد تاریخ اور توہینِ مذہب کے معاملے پر اس کے انتہا پسندانہ مؤقف کے پیش نظر یہ کہنا بجا ہے کہ تصادم کا خطرہ سندھ رواداری مارچ کے مظاہرین پر دھاوا بولنے کا جواز ہر گز نہیں ہو سکتا۔ بلکہ، کراچی پولیس کو تو چاہیے تھا کہ وہ ٹی ایل پی کے تشدد کی صورت میں مارچ کے پرامن مظاہرین کو تحفظ فراہم کرتی۔

سینئر صحافی حسین نقی نے کہا ٹی ایل پی جیسے قانون توڑنے والی جماعتوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے..ایچ آر سی پی کونسل ممبر سلیمہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ لوگ امن کے خواہاں کے ساتھ کھڑے ہوں

ایچ آر سی پی کے مطابق ریاست گذشتہ کئی برسوں سے آئین میں دیے گیے پُرامن اجتماع کے حق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سمجھنا ہو گا کہ وہ اس حق کی محافظ ہیں اور اس حیثیت سے پرامن اجتماع کی آزادی کی حفاظت و فروغ کی وہ قانوناً پابند ہیں

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here