۱۹ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


لاہور

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں رؤف عطا نے سیکرٹری سلمان منصور کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسی کو کام سے نہیں روکا اور نہ ہی دفاتر سیل کرنے کا کوئی حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری مخصوص سیاسی ایجنڈے کے تحت کام کر رہے ہیں اور وکلا کے لیے جاری فلاحی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب سیکرٹری سلمان منصور نے 13 نومبر کو ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں 26ویں آئینی ترمیم کو جمہوریت، عدلیہ کی آزادی، اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیا۔ پریس ریلیز میں الزام لگایا گیا کہ انتظامیہ اور پارلیمنٹ نے عدلیہ کے اختیارات کو غیر قانونی طور پر محدود کر دیا ہے، جو آئین کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ اس بیان میں فل کورٹ کے ذریعے تمام آئینی مسائل حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

سیکرٹری کے اس بیان کے بعد صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میاں رؤف عطا نے ایک روز بعد ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں سیکرٹری کے بیان سے خود کو الگ کرتے ہوئے اسے غیر منظور شدہ اور ایسوسی ایشن کی پالیسی کے خلاف قرار دیا۔ صدر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار کسی سیاسی ایجنڈے سے منسلک نہیں اور ایسوسی ایشن پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکرٹری کا کردار صرف ریکارڈ رکھنا اور صدر یا ایگزیکٹو کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرنا ہے۔

صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سیکرٹری کا بیان ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کے بغیر جاری کیا گیا تھا اور اکثریت نے اسے مسترد کر دیا ہے۔ یہ معاملہ آئندہ اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا تاکہ مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔

سیکرٹری سلمان منصور نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’ صدر سپریم کورٹ بار نے دفاتر کو سیل کروا دیا اور تمام انتظامی افسران کو دفاتر خالی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر نے دفاتر اور تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ایڈمن آفس کو سیکرٹری کے نام سے کسی بھی قسم کا سرکلر یا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے‘‘۔

سلمان منصور نے مزید کہا کہ صدر کا رویہ غیر جمہوری ہے اور 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے وکلا کی اکثریت اس کی مخالفت کر رہی ہے۔ ان کے مطابق، پریس ریلیز وکلا کے جذبات کی ترجمانی کرتی ہے، لیکن صدر کا مقصد حکومت کو خوش کرنا اور ان کے مطابق کام کرنا ہے۔

دوسری جانب، صدر میاں رؤف عطا نے سیکرٹری کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر سیل کرنے یا کسی کو کام سے روکنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈمن آفس آج بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے اور سیکرٹری مخصوص سیاسی ایجنڈے کے ذریعے تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی کو کام سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تنازعہ وکلا برادری کے لیے جاری فلاحی منصوبوں، خاص طور پر وکلا ہاؤسنگ سوسائٹی کے کام کو روکنے کی کوشش ہے۔

صدر نے کہا کہ سیکرٹری کو چاہیے کہ وہ ایگزیکٹو کمیٹی کی اجازت کے بغیر کوئی سرکلر جاری نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب بھی سیکرٹری کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ وکلا برادری کے لیے مل کر کام کریں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آزاد گروپ (عاصمہ جہانگیر گروپ) سے تعلق رکھنے والے میاں رؤف عطا حال ہی میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ سلمان منصور پروفیشنل گروپ (حامد خان گروپ) سے سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔ دونوں عہدیداروں کے درمیان 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں، جس کے باعث سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اندرونی معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here