۲۳ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ : عدنان حیدر


کرم

لوئر کرم کے علاقے بگن اور علیزئی کے درمیان کل شام حالات کشیدہ ہونے کے بعد فریقین کے درمیان جنگ چھڑ گئی جو تاحال جاری ہے رات گئے فریقین نے ایک دوسرے کو بھاری اور خودکار اسلحوں سے نشانہ بنایا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
پاراچنار شہر سے 60 کلومیٹر فاصلے پر واقع علاقہ بگن اور لوئر علیزئی کے لوگ اُس وقت مورچہ زن ہوئے جب 21 نومبر کو ایک مسافر قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا ۔ مسافر گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں 7 خواتین تین بچوں سمیت 43 افراد کی ہلاکت ہوئی، جس کے بعد حالات معمول سے باہر ہوگئے اور فریقین ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہوئے۔ رات گئے فریقین نے ایک دوسرے پر لشکر کشی بھی کی جس کے نتیجے میں دکانوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ ضلع کرم کے تین مقامات پر لڑائی کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں اپر کرم کے گاؤں کنج علیزئی اور مقبل، لوئر کرم کے بالش خیل اور خار کلی سمیت لوئر علیزئی اور بگن شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تازہ قبائلی جھڑپوں میں اب تک 30 افراد جان بحق جبکہ سو سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔
بھاری اور خودکار اسلحوں کے استعمال کے باعث مختلف مقامات میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ متعدد افراد کا گاؤں سے نقل مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ٹل میں موجود ایک شخص کے مطابق اب تک کئی فیملیز ٹل پہنچ چکی ہیں جبکہ دوسری جانب بالش خیل ، خار کلی اور علیزئی سے بھی نقل مکانی ہو رہی ہے ۔
ضلع کرم کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ حکومتی اہلکار بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پاراچنار پہنچ چکے ہیں جس کے ساتھ قبائلی عمائدین سیز فائر اور علاقے میں پائیدار امن و امان کیلئے جرگے کریں گے ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جی او سی 9 ڈیو کوہاٹ میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی بھی پاراچنار پہنچ چکے ہیں اور 2 بجے گورنر کاٹیج پاراچنار میں اہم جرگہ متوقع ہے ۔
پاراچنار شہر میں آج بھی ماحول سوگوار ہے۔ تمام کاروباری مراکزبند ہیں ۔ اس کے علاوہ ضلع کرم میں تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ پاراچنار کو دیگر اضلاع سے لنک کرنے والی واحد مین سڑک 12 اکتوبر سے بند ہے جس کے باعث اپر کرم کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے میں اشیاء خورونوش ، ایندھن ، ادویات سمیت دیگر ضروریات کی قلت محسوس کی جارہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here