۷ نومبر ۲۰۲۴
رپورٹ : انورانجم
سوات
سوات کی تحصیل کبل کے علاقوں سیگرام اور کوزہ بانڈی میں چھاونی کی توسیع کے لئے مزید 8 ہزار کنال زمین کے حصول کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس سے قبل 6 ہزار کنال زمین عوام سے کم قیمت پر حاصل کی جا چکی ہے، جس میں مقامی لوگوں کے گھروں کو بھی مسمار کیا گیا تھا۔ چھاونی کے لئے درکار نئی زمین میں باغات اور زرعی زمینیں شامل ہیں، جن کے حصول کے لئے سیکشن فور نافذ کیا جا رہا ہے۔
تین یونین کونسلز کے عوام نے ایک جرگے میں شرکت کی اور واضح طور پر اعلان کیا کہ وہ مزید زمین فراہم کرنے کے لئے تیار نہیں۔ سمہ لار تنظیم کے چیئرمین سلطان علی خان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ہماری زرعی زمینیں ہیں، اگر ہم یہ بھی دے دیں گے تو ہم کھائیں گے کیا۔”
بانڈی سے تعلق رکھنے والے عدالت خان کا کہنا تھا کہ جرگہ بلانے کا مقصد لوگوں کو اعتماد میں لینا تھا، کیونکہ کوئی بھی زمین دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ سمہ لار تنظیم کے صدر خان محمد نے کہا کہ جرگے کو اختیار دیا گیا ہے تاکہ اس ظلم کا راستہ روکا جا سکے۔ سیگرام سے تعلق رکھنے والے ریاض احمد نے کہا کہ “یہاں کے عوام اس بات پر متفق ہیں کہ ہم حکومت سے مزید تعاون نہیں کریں گے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔”
ہائی کورٹ کے وکیل زگر شیر نے وائس پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے زرعی زمینوں پر سیکشن فور نافذ کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، کیونکہ صوبے میں زرعی زمینیں ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ اس صورتحال میں زبردستی زمین حاصل کرنے پر علاقے میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور ایک امام مسجد سمیت دو افراد نے دل برداشتہ ہو کر خودکشی بھی کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات سے مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی، مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔