٢١ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعرات کے روز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین ریٹائرڈ میجر جنرل حفیظ الرحمان نے مقامی میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک وزارت داخلہ سے انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

وی پی این کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ وی پی این رجسٹریشن کا طریقہ کار ہماری ویب سائٹ پر واضح طور پر درج ہے۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ عام عوام وی پی این کو کس طرح رجسٹرڈ کروا سکتی ہے، چیئرمین نے جواب دیا: “ایک عام آدمی کو وی پی این کیوں استعمال کرنا ہے؟”

 

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بند کرنے کے پی ٹی اے کے فیصلے پر سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔ پیر کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں غیر قانونی وی پی این کی بندش کا معاملہ زیر بحث آیا، جہاں چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وی پی این کے بغیر آئی ٹی انڈسٹری کا چلنا ممکن نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 30 نومبر تک تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بند کر دیا جائے گا، اور یکم دسمبر سے صرف رجسٹرڈ وی پی اینز کے استعمال کی اجازت ہوگی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کے متعلق وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا کہ جہاں سکیورٹی کا معاملہ درپیش ہو، وہاں وزارت داخلہ کی ہدایات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئی ٹی انڈسٹری کے تمام افراد سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کوشش کریں گے کہ انڈسٹری کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا کسی کو بھی شوق نہیں، لیکن اگر سکیورٹی صورتحال میں وزارت داخلہ سے ہدایات موصول ہوں تو مجبوراً انٹرنیٹ بند کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ آج صبح سے مقامی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اتوار کے روز پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر 23 نومبر سے وفاقی دارالحکومت، خیبر پختونخوا، اور پنجاب میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بند کی جا سکتی ہیں۔ مزید یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ 22 نومبر سے پی ٹی اے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹو کر دے گا، جس کے نتیجے میں واٹس ایپ سمیت تمام سوشل میڈیا ایپس پر ویڈیوز اور آڈیوز ڈاؤن لوڈ نہیں ہو سکیں گی، جبکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی متاثر ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here