۲ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے آڈیٹوریم میں پاراچنار میں جاری کشیدگی اور اس کے تاریخی پس منظر پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس ڈاکیومنٹری میں پاراچنار کی موجودہ صورتِ حال، اس کے پسِ منظر اور ممکنہ حل کو اجاگر کیا گیا ہے۔

تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور نمائش کے بعد سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ شرکاء نے اس مسئلے پر تفصیل سے بات چیت کی اور ڈاکیومنٹری میں دکھائے گئے حقائق پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران شہریوں نے پاراچنار کے حالات کے بارے میں مختلف سوالات پوچھے اور اس کے ممکنہ حل پر تبادلۂ خیال کیا۔

ڈاکیومنٹری کے ڈائریکٹر احمد شاہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ڈاکیومنٹری کا مقصد عوام کو پاراچنار کے مسئلے سے آگاہ کرنا ہے، کیونکہ مین اسٹریم میڈیا میں اس اہم مسئلے کو زیادہ تر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈاکیومنٹری کے ذریعے پاراچنار میں جاری کشیدگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے، تاکہ عوام اس علاقے کے مسائل اور مشکلات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

پاراچنار سے تعلق رکھنے والے شہری ہمایوں نے ڈاکیومنٹری کے مناظر اور علاقے کی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ریاستی کنٹرول کمزور ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، پاراچنار میں منظم طریقے سے نفرت اور اشتعال انگیزی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس کا خمیازہ وہاں کے ہزاروں شہری بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار میں مسلسل بدامنی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایونٹ کے آرگنائزر آصف نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاراچنار کی مرکزی شاہراہیں پچھلے بائیس دنوں سے بند ہیں، جس کے باعث وہاں ادویات اور اشیائے خوردونوش کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے مقامی لوگوں کی زندگیوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ آصف نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ پاراچنار میں موجودہ کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں، تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

تقریب کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاراچنار میں دہائیوں سے جاری بدامنی اور نفرت انگیزی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاراچنار کے عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور وہاں امن و امان کی بحالی کے لیے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

پاراچنار کے حالات کو اجاگر کرنے کے اس ایونٹ میں شریک افراد نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہییں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here