١٨ نومبر ۲۰۲۴

رپورٹ: فوزیہ کلثوم رانا


کراچی

سندھیانی تحریک نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مارچ میں وفاق سے بڑا مطالبہ کیا اور شرکاء نے کہا اب وفاق واضح کرے کہ کینال چاہیے یا پاکستان”، اور “سندھ بنے گا ریگستان، تو کیسے چلے گا پاکستان”، اور “گاؤں ہونگے ویران تو کیسے چلے گا پاکستان” کے نعروں سے کراچی شہر گونج اٹھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ملک کو 1971 کی صورت حال کی طرف دھکیل رہی ہے۔ دریائے سندھ، سندھ کی بقا کا واحد ذریعہ ہے۔ سندھی قوم اپنی ہزار سالا پرانی تہذیبی و تاریخ کی علامت دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے آخری دم تک لڑے گی۔ حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے 1971 میں ملک دو ٹکڑے ہوا۔ محمد علی جناح کے جمہوری پاکستان کو بدترین آمرانہ ریاست میں بدل دیا گیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کا قیام جنرل ایوب کے ون یونٹ سے زیادہ خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان منصوبے کے ذریعے پنجاب کی 60 لاکھ ایکڑ زمین آباد کر کے سندھ کو بنجر بنایا جا رہا ہے۔ وفاق نے غیر آئینی طور پر ارسا ایکٹ میں ترمیم کی ہے۔ ارسا کو وزیراعظم کے ماتحت کرنے والا عمل وفاق کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔

1859

سے دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں کے پانی پر ڈاکے ڈالے گئے ہیں۔ دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں پر پہلا حق سندھی قوم کا ہے۔ کارپوریٹ زرعی فارمنگ منصوبوں کے ذریعے سندھ کی 13 لاکھ ایکڑ زمین چھینی جا رہی ہے۔ عالمی سامراجی طاقتوں نے پیپلز پارٹی کے ذریعے سندھ پر مکمل قبضہ کر لیا ہے۔ ملک میں وفاق کے نام پر پنجاب کی بالادستی قائم ہے۔ وفاق کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔ سندھ دشمن فیصلے پاکستان کے وفاق کو کمزور کر رہے ہیں۔ چھوٹے صوبوں کے حقوق پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔ 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی کا قتل کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی تمام قانون سازی مارشل لا کے دور سے بھی زیادہ بدتر ہے۔ شہباز حکومت اپنے آمرانہ فیصلے فوراً واپس لے۔ دریائے سندھ پر کوئی بھی ڈیم اور کینال بنانا ملک کو توڑنے کی سازش ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کو مکمل طور پر ڈاکوؤں کی محفوظ پناہ گاہ بنا دیا ہے۔ سندھ میں پولیس اور سرداروں کے ذریعے ڈاکوؤں نے عوام کی زندگیوں کو عذاب بنا دیا ہے۔ ڈیجیٹل مردم شماری کے ذریعے سندھیوں کی آبادی کو کم دکھایا گیا ہے۔ اس مردم شماری کے ذریعے غیر ملکیوں کو سندھ کا شہری شمار کر کے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ اقلیتوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے ڈاکوؤں اور انتہا پسندوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ انتہا پسندی، منشیات فروشی، اور اغوا انڈسٹری کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔

سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سمون نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کو عورتوں کے لیے قتل گاہ بنا دیا ہے۔ کاروکاری اور دیگر رسومات کے ذریعے خواتین کا قتل عام روز کا معمول بن چکا ہے۔ پولیس اور سرداروں کی ملی بھگت سے جرگہ نظام نے عورتوں کی زندگی کو زہر بنا دیا ہے۔ سائبر بلنگ (آن لائن ہراسانی) کو روکنے کے لیے حکومت نے درکار قانون سازی نہیں کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سائبر بلنگ اور ہراسانی کو روکنے کے لیے مناسب قانون سازی کی جائے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔ خواتین کو ہراساں کرنے والے وحشی درندوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔ عمرہ سمون نے مزید کہا کہ دریائے سندھ سندھی قوم کا تاریخی ورثہ ہے اور اس پر کسی قسم کی کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کینال اور ڈیم بنا کر سندھ کو خشک کرنے کی سازش کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھی قوم کے ساتھ دھوکہ اور فریب کر رہی ہے۔ سندھ کی زمینوں اور وسائل کی نیلامی اور دریا پر ڈاکے ڈالنے میں پیپلز پارٹی وطن فروشی والا کردار ادا کر رہی ہے۔ سندھی عوام پیپلز پارٹی کے مکروہ چہرے کو پہچان چکے ہیں۔ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دیتے۔ غیر جمہوری قوتیں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو سندھی عوام پر مسلط کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین سرکاری نہیں ہوتی، زمینیں قوموں کی ملکیت ہوتی ہیں۔ سندھ کی زمین سندھی قوم کی ملکیت ہے اور کسی بھی حکومت کو یہ زمین فروخت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی زمینوں کی فروخت کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سندھی قوم اپنی دھرتی کی حفاظت کے لیے ارغونوں، ترخانوں، تاتاریوں، مغلوں اور انگریزوں سمیت تمام حملہ آوروں سے لڑتی ہے اور موجودہ قابض ٹولے کے خلاف بھی بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ سندھ کے عوام، عورتیں، بچے، بزرگ، نوجوان سب اپنے دریا اور زمین کی حفاظت کے لیے اپنی آخری سانس تک پرامن جمہوری جدوجہد کریں گے۔
عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہيسر نے الزام عائد کیا کہ ڈاکوؤں کو سرکاری سرپرستی میں نیٹو کے اسمگل شدہ ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سندھیانی تحریک کی مرکزی جنرل سیکرٹری ماروی سندھو نے کہا کہ سندھ ایپکس کمیٹی نے جرگہ نظام کو فروغ دیا ہے۔ قبائلی سرداروں کو طاقتور بنا کر سندھ میں قانون اور آئین کو معطل کیا گیا ہے۔ عوامی تحریک کی مرکزی نائب صدر حور النساء پلیجو نے کہا کہ سندھیانی تحریک نے ہمیشہ سندھ کے وجود اور بقا کے لیے جدوجہد کی ہے۔ ہم 6 نئے کینالون کو کالا باغ ڈیم منصوبے کی طرح پاؤں تلے روندتے ہیں۔

مارچ میں شریک کارکن ستار رند نے کہا کہ سندھ کی لاکھوں ایکڑ کمانڈ ایریا کو پانی نہیں مل رہا، پنجاب کی غیر آباد زمینیں آباد کرنے کے لیے سندھ کے حصے کا پانی دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو اس کے حصے کا پانی دیا جائے۔
مارچ کے شرکاء نے دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکے ڈالنے ، چھ نئے کینال نکالنے، ایس آئی ایف سی کے ذریعے زمینوں اور معدنی وسائل پر قبضے، خواتین پر ظلم و تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف سندھیانی تحریک کی جانب سے 17 نومبر 2024 کو ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک کیے گئے احتجاجی مارچ میں قراردادیں بھی منظور کیں۔

مارچ کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، سندھيانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سمون، عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، مرکزی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہيسر، مرکزی نائب صدر حور النساء پلیجو، ستار رند، سندھی ہاری تحریک کے مرکزی صدر غلام مصطفیٰ چانڈیو، سندھی شاگرد تحریک کے مرکزی صدر نوید عباس کلہوڑو، سندھی گرلز اسٹوڈنٹ تحریک کی مرکزی صدر ساجدہ پرهياڑ، سندھی مزدور تحریک کے مرکزی صدر حاجی خان سمون، سجاگ بار تحریک کے مرکزی صدر فاضل کھوسو، عوامی تحریک کے مرکزی رہنما لال جروار، عبدالقادر رانٹو، ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی، ماہ نور ملاح، ایڈووکیٹ راحیل بھٹو، سندھيانی تحریک کی مرکزی رہنما مروبت ہالیپوٹو، زرقا ہالیپوٹو، حسنه راہوجو، بختاور ملاح، ماروی سندھو، شاہین خاصخیلی، ساجدہ بھانو، شمشاد لغاری، ایڈووکیٹ کائنات ڈاهری، زاهده لاشاری، ایڈووکیٹ سورٹھ منگنهار اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اور احتجاج میں ادیب، شاعر ، بچے، بزرگ اور خواتین کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here