۱۷ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور پولیس نے شادمان کے علاقے میں 17 سالہ لڑکی سے مبینہ طور پر زیادتی کرنے والے علی رضا نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم نے متاثرہ لڑکی کو نوکری فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر شادمان کے ایک ہوٹل میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ملزم لڑکی کو حالت غیر میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ کی اطلاع متاثرہ لڑکی نے ون فائیو پر دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ لڑکی کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی بھانجی، جو ایک ماہ سے ان کے ساتھ رہائش پذیر تھی اور نوکری کی تلاش میں تھی، ملزم علی رضا کے رابطے میں آئی۔ علی رضا نے نوکری فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر اسے ملاقات کے بہانے شادمان کے ایک ہوٹل میں بلایا اور وہاں جنسی زیادتی کی۔
ایف آئی آر میں دفعہ 376 تعزیرات پاکستان شامل کی گئی، جو جنسی زیادتی کے مقدمات سے متعلق ہے۔ یہ دفعہ کسی بھی شخص کو زبردستی یا دھوکے سے جنسی زیادتی کرنے پر سزا دینے کے لیے لاگو کی جاتی ہے۔ دفعہ 376 کے تحت مجرم کو سخت سزا دی جاتی ہے، جس میں 10 سال سے لے کر عمر قید یا مخصوص حالات میں سزائے موت بھی شامل ہو سکتی ہے۔
پولیس نے کاروائی کر کہ آج ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملزم نے ورغلانے کے بعد لڑکی کو ہوٹل لے جا کر زیادتی کی اور جرم کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ کیس کو مضبوط بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق، متاثرہ لڑکی کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے ایس ایچ او اور تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے واقعات میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ وہ دوسروں کے لیے عبرت کا نشان بن سکیں۔
پنجاب پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 1 جنوری 2024 سے 31 اکتوبر 2024 کے دوران صوبے میں رپورٹ ہونے والے زیادتی کے کیسز کی تفصیلات

پولیس کے ریکارڈ کے مطابق، اس مدت کے دوران زیادتی کے کل 3,678 کیسز درج کیے گئے۔ ان میں سے 2,166 کیسز کو چالان کے ساتھ عدالتوں میں بھیج دیا گیا، جب کہ 646 کیسز تاحال زیر تفتیش ہیں۔
پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 858 کیسز کو منسوخ کر دیا گیا، جبکہ 8 کیسز کو ناقابل سراغ قرار دیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اگرچہ ہزاروں کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، لیکن تاحال بہت سے مقدمات حل طلب ہیں اور ان کی تحقیقات جاری ہیں۔