۲۷ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعہ کے روز جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں مظفرآباد سے لاپتہ ہونے والے مدثر خان کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران وزارت دفاع نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مظفرآباد سے لاپتہ ہونے والے مدثر خان کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور ان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے وزارت دفاع کو ہدایت کی کہ قانونی تقاضوں کے مطابق مدثر خان اور ان کے اہل خانہ کے درمیان ملاقات کا بندوبست کیا جائے۔

وزارت دفاع کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مدثر خان مارچ 2024 میں لاپتہ ہوئے تھے اور ان کا مقدمہ اس وقت فوجی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے مدثر خان اور ان کے اہل خانہ کے درمیان ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے وزارت دفاع کو یہ ملاقات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ 25 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کمیشن کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کمیشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن نہ خود کام کر رہا ہے اور نہ کسی کو کرنے دے رہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر کمیشن مؤثر طریقے سے کام نہیں کرتا تو اسے بند کر دینا چاہیے۔

سماعت کے دوران معاون اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مدثر خان مظفرآباد، آزاد کشمیر سے لاپتہ ہوئے تھے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ یہ کیس اگست سے کمیشن میں زیر سماعت تھا اور 18 نومبر کو درخواست گزار کو مدثر خان کی فون کال موصول ہوئی، جس میں انہوں نے اپنی حراست کا اشارہ دیا۔ جسٹس کیانی نے اس فون کال کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وہ زندہ اور خیریت سے ہیں۔ عدالت نے متعلقہ افسر کو ان کیمرہ بریفنگ دینے اور 27 دسمبر تک سیل بند رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار کی وکیل ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے کہا کہ وزارت دفاع نے عدالت میں انکشاف کیا ہے کہ مدثر خان کے خلاف جاسوسی کے الزامات پر فیلڈ جنرل کورٹ مارشل جاری ہے۔ انہوں نے عدالت سے مدثر خان کے خاندان کو ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ یہ مقدمہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں لڑیں گے اور قانون کے تحت تمام دستیاب راستے اختیار کریں گے۔

ایمان مزاری نے شہریوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک طرز اپنا لی گئی ہے کہ پہلے شہریوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا جاتا ہے، ان کے خاندانوں کو ان کے بارے میں معلومات سے محروم رکھا جاتا ہے، اور جب خاندان عدالت سے رجوع کرتے ہیں تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس غیر قانونی رویے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here