۲ دسمبر ۲۰۲۴
عامر بجوئی
کوئٹہ
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد محسن جو کبھی اپنی آنکھوں سے دنیا کو دیکھ سکتا تھا, فائرنگ کے ایک واقعہ کے دوران نوجوانی میں اپنی بینائی سے محروم ہوگیا۔ ایسے میں اس نے چھڑی کو اپنا سہارا بنایا مگر ہمت نہیں ہاری اور محنت کرکے ہر کسی کے لیے مثال بن گیا۔
ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ہی مقابلے کے امتحان کی تیاری شروع کردی۔ سول کمیشن کے تحت سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ اور اِن دنوں اسپیشل اسکول کوئٹہ میں نابینا بچوں کو سائن لینگویج (اشاروں کی زبان) کے ذریعے تعلیم سے آراستہ کررہا ہے۔
محمد محسن نے وائس پی کے سےگفتگو میں کہا کہ ‘میں نو سال سے سوشل ویلفیئر کے بلائنڈ اسکول میں انسٹرکٹر کے طور پر کام کرتا ہوں۔ 2010 میں کوئٹہ کے حالات خراب ہونے کی وجہ سے ایک حادثے میں مجھے گولی لگی تھی جس کی وجہ سے میری نظر چلی گئی اور میں بینائی سے محروم ہوگیا۔ نابینا ہونے کے باوجود تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔ کراچی میں مختلف ہنر سیکھے اور ماسٹرز کیا پھر ایم فل میں داخلہ لیا اور پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے آج سائن لینگویج یعنی مختلف نشانوں کے ذریعے بچوں کو پڑھاتا ہوں’۔
3دسمبر کو ہر سال عالمی سطح پر معذوروں کا دن منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ریلیاں، جلسے اور مختلف تقریبات منعقد کئے جاتے ہیں، جن کا مقصد معاشرے میں معذور افراد کو برابری کے حقوق فراہم کرنا ہوتا ہے۔ اقوام متحدہ میں معذور افراد کی داد رسی کیلئے اس دن کو منانے کا فیصلہ پہلی بار 1992ء میں کیا گیا تھا۔
ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیش کوئٹہ جمعہ خان درانی کاکہنا ہے کہ ‘ یوم معذور منانے کا مقصد ان کی ہمت کو سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے معذوروں کی صلاحیتوں کو ابھارنا ہمارا فرض ہے اور ان کے احساس کمتری کو خوشی میں تبدیل کرنا ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں’۔
دنیا کے 15 فیصد افراد کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں۔ پاکستان میں ہر سال معذور افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے مگر ان کے لیے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اسپیشل اسکول کوئٹہ میں دستیاب وسائل میں صرف چار قسم کی معذوری کے شکار بچوں کو تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن جلال خان مری کا کہنا تھا کہ ‘چار قسم کے معذوری کے شکار بچوں کو تعلیم فراہم کرتے ہیں اور یہ چاروں الگ الگ سیکشنز میں تقسیم ہیں جن میں قوت گویائی، قوت بینائی، جسمانی معذوری، اور ذہنی طور پر کمزور بچے شامل ہیں۔ تعلیم کے علاوہ متعلقہ معذوری کے لیے ماہرین کی نگرانی میں علاج بھی کیا جاتا ہے’۔
عام بچوں کی نسبت معذوری کے شکار بچے ذہنی طور پر بہت کمزور ہوتے ہیں جن کو پڑھانا اور سمجھنا عام بچوں کے مقابلے میں انتہائی مشکل ہوتا ہے۔
ساجدہ فاروق 37 سال سے جسمانی معذور بچوں کو پڑھاتی ہیں ان کا بتانا ہے کہ ‘ایک عام بچے کو 8 دن میں ایک سبق پڑھایا جاسکتا ہے مگر معذور بچوں کو ایک سبق پڑھانے کے لیے دو ہفتے درکار ہوتے ہیں’۔
بلوچستان کے 34 اضلاع میں سے صرف پانچ شہروں میں معذوری کا شکار بچوں کے لیے اسکول قائم کئے گئے ہیں لیکن المیہ یہ ہے کہ دستیاب اسکولوں میں تمام معذور بچوں کو عام بچوں کا سلیبس پڑھایا جاتا ہے۔ ان کا اپنا سلیبس اسکولوں میں دستیاب نہیں ہے۔
قوت گویائی اور سننے سے محروم بچوں کو پڑھانے والی استانی بے نظیر سعید اسپیشل اسکول کوئٹہ میں وائس پرنسپل کے بھی فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ ‘قوت گویائی سے محروم بچوں کو صرف اشاروں کی زبان سمجھ آتی ہے ان کا سلیبس بھی الگ ہوتا ہے مگر یہاں عام بچوں کا سلیبس مجبورا ہمیں پڑھانا پڑتا ہے جو بچوں کے لیے شدید مشکل کا باعث ہے۔ اگر ان کا اپنا سلیبس ہوتو یہ بچے معاشرے میں بہت اچھا کردار ادا کرسکتے ہیں’۔
عالمی اداروں کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق مختلف معذوری سے دنیا کے 15 فیصد لوگ متاثر ہیں۔ پاکستان میں معذور افرادکا شمار کرنے کیلئے کوئی مستند ذرائع موجود نہیں ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 3کروڑ افراد معذوری کا شکار ہیں۔ حیران کن طور پر نادرا کے پاس محض 4 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہیں مگر دیکھا جائے تو اکثر معذور افراد معذوری کو وجہ بناکر غیر رجسٹرڈ بھی رہتے ہیں جس کے باعث وہ اپنے حقوق سے محروم رہ جاتے ہیں۔
اسپیشل ایجوکیشن کے آفیسر غلام دستگیر نے بتایا کہ ‘یہاں معذوروں کے ڈیٹا کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ معذور افراد کی تعداد معلوم کرنے کے لیے ایک نظام کی ضرورت ہے جس کے تحت ان کی تعداد معلوم کرنے اور ان کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا جاسکتا ہے ‘۔
معذوروں کا عالمی دن ہر سال منایا تو جاتا ہے مگر پاکستان جیسے ممالک میں معذوروں کو حقوق نہ ملنے کے برابر ہیں۔ صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں معذور افراد کا رواں سال اپنے حقوق کے لیے احتجاج میں گزرا جہاں ان کو عدالت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
انجمن معذوران ضلع خضدار کے رہنماء حافظ عبدالرازق کا بتانا ہے کہ ‘سال بھر ہم نے احتجاج کیا، کیمپ قائم کیا لیکن کسی طرف سے شنوائی نہیں ہوئی۔ ہمارے احتجاج کا مقصد سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ، معذوروں کے لیے اراضی کا مطالبہ، زکوۃ فنڈ اور معذور افراد کے لیے متعلقہ سواری اور اوزار سمیت آئینی حقوق کا مطالبہ کرنا ہے’۔
پاکستان میں سرکاری ملازمتوں میں معذوروں کے لیے کوٹہ تو مختص ہے مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ محکمہ سماجی بہبود واحد ادارہ ہے جہاں اکثر ملازمین معذور نظر آتے ہیں۔
تربت، خضدار، سبی اور مستونگ میں معذور افراد کے لیے تعلیمی ادارے، ہاسٹل اور ووکیشنل سینٹر قائم کئے گئے ہیں تاہم فنڈز کی کمی کی وجہ سے یہ فعال ادارے بھی مالی بحران کا شکار ہیں۔
کوئٹہ کے اسپیشل اسکول میں دور دراز سے آئے بچوں کو ہاسٹل کی سہولت بھی میسر ہے اور اس کے علاوہ شہر کے مختلف روٹس پر دس اسکول بسیں بھی چلتی ہیں۔ دو ہاسٹلوں میں تین وقت کا کھانا سمیت فری رہائش اور کھیل کود کی سہولت دستیاب ہے۔
پاکستان میں معذور افراد کے لیے سہولیات کا انتہائی فقدان ہے۔ عام لوگوں کی جانب سے معاشرے میں معذور افراد کو برابری کا حق نہ ملنا سب سے بڑا ظلم ہے۔ اسپیشل اسکول کوئٹہ میں پڑھائی کے علاوہ معذور بچوں کو مختلف ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں جہاں سے بچے پاس آؤٹ ہوکر مختلف شعبوں میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ان جیسے اداروں پر اگر مزید توجہ دی جائے تو تمام معذور افراد بااختیار بنائے جا سکتے ہیں جہاں وہ معاشرے میں ایک عام شہری کی طرح اپنی خدمات ملک اور قوم کے لیے پیش کرسکتے ہیں