۳ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور کے علاقے مغل پورہ میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر جنید غلام فرید کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ انیقہ کی شادی چار سال قبل جنید غلام فرید سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد انیقہ کے شوہر اور سسرالیوں کے ساتھ جھگڑے معمول کا حصہ بن گئے تھے۔ یکم دسمبر کو مبینہ طور پر شوہر جنید نے اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر انیقہ پر بہیمانہ تشدد کیا۔ تشدد کے نتیجے میں انیقہ شدید زخمی ہوگئیں اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔
مقتولہ کے والد شوکت جاوید کی مدعیت میں واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں بیان کیا گیا کہ انیقہ کو شادی کے بعد سے ہی سسرالیوں کی طرف سے ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ یکم دسمبر کو والد کو اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی پر شدید تشدد کیا جا رہا ہے۔ والد کے موقع پر پہنچنے پر ملزمان نے ان سے جھگڑا کیا اور انیقہ کو ایک نامعلوم جگہ منتقل کردیا۔ کچھ دیر بعد ہسپتال انتظامیہ نے مقتولہ کی وفات کی اطلاع دی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان سے رپورٹ طلب کی۔ مغل پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہے ۔
پولیس حکام نے کہا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تمام ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق، کیس کے شواہد جمع کرنے کا عمل جاری ہے اور جلد ہی مزید پیش رفت متوقع ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔