۴ دسمبر ۲۰۲۴
سٹاف رپورٹ
لاہور
بلوچستان کے ضلع قلات سے تعلق رکھنے والے سید حسین شاہ، جو مبینہ طور پر آٹھ روز قبل لاپتہ ہوئے تھے، احتجاج کے بعد بازیاب ہوگئے ۔تاہم ان کے بیٹے اختر شاہ، جو دو ماہ قبل لاپتہ ہوئے تھے، تاحال بازیاب نہیں ہوسکے۔ لواحقین کے مطابق دونوں کو مبینہ طور پر سیکورٹی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ اختر شاہ کی گمشدگی کے بعد سے وہ مسلسل حکام سے انصاف کی اپیل کر رہے ہیں، لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔ اس معاملے پر توجہ دلانے کے لیے مظاہرین نے گزشتہ روز قلات کے قریب کراچی-کوئٹہ ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ احتجاج میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو فوراً بازیاب کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ احتجاج کے باعث کراچی-کوئٹہ ہائی وے پر ٹریفک معطل رہی، اور سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر گھنٹوں تک سڑک پر پھنسے رہے۔
تقریباً 18 گھنٹے کے طویل احتجاج کے بعد ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے نتیجے میں سید حسین شاہ کو بازیاب کر دیا گیا، جبکہ اختر شاہ کی بازیابی کے لیے حکام نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی۔ انتظامیہ نے وعدہ کیا کہ اختر شاہ کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور اس حوالے سے لواحقین کی انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کل صبح ہوگی۔
مذاکرات کے کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا اور کراچی-کوئٹہ ہائی وے کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔ اس پیش رفت کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی اور مسافر اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہوگئے۔ تاہم، مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ اگر اختر شاہ کو جلد بازیاب نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔
لواحقین اور مظاہرین کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیاں نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے اذیت ناک ہیں بلکہ پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلاتی ہیں۔