٩ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
پیر کے روز سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے صحافی ارشد شریف قتل کے از خود نوٹس کیس میں وفاقی حکومت کی استدعا پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے باہمی قانونی تعاون سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی گئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ رپورٹ کل سپریم کورٹ میں جمع کروا دی جائے گی۔
بینچ نے حکومت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے واضح کیا کہ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سماعت پر کارروائی کو ترجیح دی جائے گی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ارشد شریف کے ہائی پروفائل قتل کیس کا از خود نوٹس لیا تھا۔
پاکستانی صحافی ارشد شریف کو 23 اکتوبر 2022 کو کینیا کی پولیس نے نیروبی کے قریب ماگادی ہائی وے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ تحقیقات میں کینیا کی پولیس کے بیانات اور اقدامات میں تضادات سامنے آئے تھے۔
جبکہ سینیئر صحافی حامد میر کی دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے متعلق درخواست پر فیصلہ 27 اگست 2024 کو محفوظ کیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران، اٹارنی جنرل منصور اعوان نے عدالت کو بتایا تھا کہ کینیا کی حکومت کے ساتھ باہمی قانونی معاہدہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا تھا کہ باہمی قانونی معاہدہ ہونے کے بعد کیا پیشرفت ہو سکتی ہے؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا تھا کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق لوگ کینیا میں موجود ہیں، وہ شخص جس نے ارشد شریف کو ایئرپورٹ سے اٹھایا اور وہ شخص جو واقعہ کے وقت موجود تھا، وہ بھی کینیا میں ہیں۔ جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اگر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا بھی گیا، تب بھی اسے کینیا میں رسائی نہیں دی جائے گی اور کینیا کے حکام کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے پابند نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ 10 ستمبر 2024 کو لاہور کی ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ارشد شریف کے قتل کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔