۴ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

چھبیس نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ہونے والے احتجاج میں جہاں پولیس نے درجنوں کارکنان کو حراست میں لے کر کیس داخل کیے اور اب انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا جارہا ہے، وہیں اسلام آباد میں مقیم پختون اور افغان شہریوں کو ہراساں کرکے گرفتار کرنے کی خبریں بھی میڈیا پر رپورٹ ہورہی ہیں۔

اس حوالے سے وائس پی کے کو مزید تفصیلات بتاتے ہوئے سینیئر ایڈوکیٹ جسیم احمد کا کہنا تھا کہ حکومت بے گناہ افغان شہریوں کو ایک آپریشن کی طرح ٹارگٹ کرکے گرفتار کر رہی ہے، جس میں وہ ہوٹلوں پر مزدوری کرنے والے افغان شہریوں کو بھی نہیں چھوڑ رہی، جبکہ عدالت ملنے آنے والی فیملیز کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں مقیم افغان شہری محمد نصیر کا کہنا ہے کہ ویلیڈ ویزا اور ڈاکومینٹ ہونے کے باوجود بھی پولیس نے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی اور بار بار تنگ بھی کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں مقیم افغان شہریوں کے حقوق پر کام کرنے والے ایکٹیوسٹ میوند کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مقیم افغان شہریوں کے پاس پاکستان کے قانون کے مطابق سارے دستاویزات موجود ہیں اور ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں پھر بھی پولیس انہیں بازاروں اور مختلف مقامات سے گرفتار کر رہی ہے۔

نیشنل ڈیموکریٹ موومنٹ کے رہنما منصور مسعود کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور صوبہ پنجاب سے شناختی کارڈ دیکھ کر بے گناہ پختونوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، جبکہ اسی طرح ان کے بھائی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

پختون کمیونیٹی کی اس طرح گرفتاریوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد بار کونسل نے شدید مذمت کی ہے۔

جبکہ اسلام آباد پولیس نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ امن عامہ کی صورتحال کے دوران کسی بھی پر امن پشتون کو ہرگز حراست میں نہیں لیا گیا۔ قانونی کارروائی شر پسند عناصر کے خلاف عمل میں لائی گئی ہے نہ کہ کسی قومیت اور علاقہ کی بنیاد پر ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here