تحریر: عصمت اللہ نیازی


لاہور

آج ملک بھر میں فیک نیوز کا دور دورہ ہے، جہاں چلے جائیں صحافی سمجھ کر ہر فرد اپنے موبائل فون میں جمع ٹی وی اینکروں کے کلپس اور فیس بک پر یوٹیوبرز کی ریلز وڈیوز اور وی لاگز انکی لنترانیان جنکا حقائق سے دور دور کا واسطہ نہیں ہوتا ، کھول کر بیٹھ جاتا ہے اور کوشش کرتا ہے کہ ہمیں قائل کر لے اور مان جائیں جو اسکا محبوب اینکر یا یوٹیوبر کہہ رہا ہے اور اسکی حمایت یافتہ پارٹی کا لیڈر سچ اور مخالف جماعت جھوٹ بول رہی ہے.

پوسٹ ٹروتھ کے آج کے دور میں جھوٹ کے موجیں مارتے سمندر میں سچ کو تلاش کرنا ایسا ہی ہو گیا ہے کہ جیسے صحرا میں پانی کا چشمہ. فیک نیوز نے ایسی خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے کہ معاشرے میں نہ صرف قیاس اور خوف کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہر دم موجود رہتا ہے بلکہ انسانی جانوں کا ضیاع بھی شروع ہو چکا ہے.

بیکن ہاؤس نیشنل یونورسٹی میں لبرل آرٹس اور میڈیا کے پرفیسر ڈاکٹر فاروق سلہریا کہتے ہیں ” فیک نیوز کوئی نئی چیز نہیں، پہلے سے ہوتی چلی آرہی ہے، اسکے نیا پن سمجھنے کے لئے پوسٹ ٹروتھ کو سمھنا ضروری ہے۔ فیک نیوز پوسٹ ٹروتھ کی ایک حکمت عملی ہے جس میں حقیقت یا حقائق کو چیلنج کیا جاتا ہے۔ اسکا تعلق صرف سوشل میڈیا سے نہیں ہے، بلکہ اسکا تعلق طاقت سے بھی ہے. جو طاقتور قوتیں، جنکے پاس مالی سیاسی اور تسلط قائم کرنے کی طاقت ہے، وہ سوشل میڈیا کی مدد سے نہ صرف جُٹھلا دیتے ہیں بلکہ جھوٹ اور سچ کو اس قدر مبہم یا غیر واضح کر دیتے ہیں کہ سچ سچ نہیں رہتا” انکے مطابق فیک نیوز اس حوالے سے ایک سٹریٹیجی ہے، سچ کو مبہم غیر واضح کرنے کی اور کئی حکمت عملیاں ہیں. جس کو مقبولیت ٹرمپ ازم اور فار رائٹ قوتوں کی کامیابیوں سے ملی، جو سچ اور جھوٹ کو متنازعہ بنانے کے لئے اسے اختیار کرتے ہیں.

حالیہ مہینوں میں فیک نیوز نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نہ صرف بدترین شکل اختیار کر لی ہے، بلکہ کئی معصوم افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے. اس سال جولائی کے مہینے میں ایک فیک نیوز نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کون نسلی اور مذہبی فسادات کی لپیٹ میں لے لیا جس میں ان ممالک میں آئے ہوے دوسرے ممالک، خاص کر مسلم ممالک کے افراد پر چاقوؤں اور دوسرے خطرناک آلات سے حملوں میں تین معصوم بچے ہلاک ہو گئی اور درجنوں زخمی بھی ہوے۔

مملکت خداد پاکستان میں بھی لاہور کے اکتوبر میں کالج میں مبینہ ریپ کیس نے بدترین صورتحال اختیار کر لی اور ایک سیاسی جماعت نے اس جھوٹے ریپ کیس پر سوشل میڈیا پر بد ترین مہم چلائی جس سے پنجاب میں نہ صرف تعلیمی اداروں میں ہنگامے پھیل گئے بلکہ اٹھائیس طالب علم زخمی ہو گئے، جس کے بعد پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پڑ گئے۔

فیک نیوز کی تباہ کروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور 26 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد پر چڑھائی اور ڈی چوک پر پولیس اور سیکوریٹی اداروں کی مبینہ فائرنگ کے بعد حکومت کی واقعے کے حوالے سے معلومات کی کمزور حکمت عملی کی وجہ سے فیک نیوز نے اس وقت شدت اختیار کر لی جب پی ٹی آئی کے لیڈروں نے قومی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر اپنے کارکنوں کی ھلاقتو کے حوالے سے 4 سے لیکر 270 تک کی تعداد بتائی۔ یہی نہیں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے ڈی چوک پر خون آلود شاہراہ کی تصویر بنا کر بھی وائرل کی گئی، جس میں کئی معروف صحافی اور اینکر بھی ملوث تھے۔ ملک اب تک اس فیک نیوز کی وجہ سے قیاس آرائیوں کا شکار ہے اور اب تک حکومت اصل صورتحال بتانے سے قاصر ہے کہ اُس دن ڈی چوک پر کتنی ہلاکتیں ہوئیں . یہاں تک کہ پمز ہسپتال جا کر ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے تحقیقات کرنے والے دو صحافیوں مطیع اللہ جان اور ثاقب بشیر کو رات کے اندھیرے میں نامعلوم افراد نے اٹھا کر حبس بیجا میں رکھا اور تھانے پہنچا دیا جہاں مطیع اللہ جان پر منشیات رکھنے اور پولیس اہلکار پر نشے کی حالت میں گاڑی چڑھانے کے الزام میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پرچہ بھی درج کر لیا گیا.

پوسٹ ٹروتھ ، فیک نیوز اور وائرل ماڈرنٹی کے نام سے تحقیقی مقالے میں معروف مغربی محقق شیرون رائیڈر مائیکل اے پیٹر لکھتے ہیں کہ ” کمزور رائے، مزید کمزور آرا کو ہوا دیتی ہے” جو میری نظر میں فیک نیوز کے پھیلاؤ میں مددگار ثابت ہوتی ہیں . حکومت یا اداروں کی طرف سے واقعات پر حقائق پر مبنی معلومات جتنی جلد جاری ہونگی، فیک نیوز کے پھیلاؤ کو اتنی آسانی اور موثر طریقے سے روکا جاسکتا ہے. اب جب حکومتیں اور ادارے حقائق کو چھپانے کے لئے خود فیک نیوز کے پھیلاؤ میں ملوث ہونگی تو پھر حکومت یا ریاست مخالف گروہوں کو کون اس سے روک سکے گا ؟ مثلا پی ٹی آئی کے ریلیوں اور جلوسوں کو روکنے کی لئے چھ اعداد اہم ترین موٹر ویز کو یہ کر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا کہ انہیں مرمت کے لئے بند کیا جا رہا ہے جنہیں اگلے روز ہی کھول دیا گیا. اب یہ فیک نیوز نہیں تو کیا ہے اور کون اس سرکاری بیان کو تسلیم کرے گا؟ پھر کہا گیا کہ ڈی چوک پر فائرنگ سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، جبکہ بی بی سی سمیت عالمی ادارے ہسپتال کے ذرائع سے 4 سے لیکر 17 ہلاکتیں بتا رہے تھے. اگر حکومت خود بروقت اصل صورتحال سے میڈیا کو اگاہ کر دیتی تو فیک نیوز کے پھیلاؤ سے بچا جا سکتا تھا۔

حکومت بجائے اسکے کہ فیک نیوز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کوئی موثر حکمت اختیار کرے، پہلے سے موجود کالے قانون پیکا 2016 میں ترمیم کر کے ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی (ڈی آر پی اے) قائم کرنے، فیک نیوز دینے والے کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانے کی تجویز ہے جسکا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے. سوال یہ ہے کہ نیا قانون یا کڑی سزائیں دینا اسکا حل ہے ؟ کیا اس سال جولائی میں برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ نے حالیہ فسادات میں جو سزائیں دیں وہ نئی قانون سازی کر کے دیں؟ اور کیا امریکہ میں جنوری 2021 میں جب ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کپیٹل ہلز اور واشنگٹن ڈی سی پر چڑھائی کی تو کیا نیا قانون بنا کر اور فوجی عدالتیں بنا کر سخت سزائیں دیں ؟

قانون پر قانون بنانے سے مسلے حل ہونے کے بجائے مزید مسائل مزید الجھتے جائیں گے۔اسکے بجائے حکومت اور ریاستی اداروں کو مربوط کمنیکیشن حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here