٣٠ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: علی افضل


پاراچنار

ضلع کرم میں ڈھائی ماہ سے زائد عرصے سے افغان سرحد اور آمد و رفت کے راستوں کی بندش کی وجہ سے شہری بحرانی کیفیت اور انتہائی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ مقامی رجسٹرڈ تنظیم سول سوسائٹی نےعلاج و سہولیات نہ ملنے کے باعث 128 بچوں سمیت 200 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب گرینڈ امن جرگہ کل کوہاٹ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

امن جرگہ میں امن معاہدے پر عمومی اتفاق، فیصلہ کل متوقع

جرگہ ممبر اور سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نے بتایا کہ کوہاٹ میں ملتوی ہونے والا گرینڈ امن جرگہ ضلعی انتظامیہ نے کل 11 بجے طلب کیا ہے۔ جس میں امن معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے اور مین شاہراہ کھولنے سمیت قیام امن کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں صوبائی مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمّد سیف کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر امن معاہدے پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہےلیکن صرف چند نکات پر ایک فریق نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے 2 دن کا وقت مانگا ہے۔ جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد 2 دن کا وقت دے دیا ہےاور جرگہ کوہاٹ میں منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے. اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

کرم میں دھرنوں کی صورتحال

دوسری جانب ضلع کرم میں پشاور پاراچنار شاہراہ اور پاک افغان سرحد سمیت آمد و رفت کے راستے ڈھائی ماہ سے زائد عرصے سے بند ہیں جس سے شہری بحرانی کیفیت اور اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ سماجی رہنما میر افضل خان کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث اشیائے خورونوش اور روزمرہ اشیاء ختم ہونے کی وجہ سے تمام بازار بند ہوگئے ہیں۔ مقامی رجسٹرڈ تنظیم سول سوسائٹی نے علاج اور سہولیات نہ ملنے کے باعث جاں بحق افراد کی لسٹ جاری کی ہے۔ جس کے مطابق اب تک 128 بچوں سمیت 200 افراد دم توڑ گئے ہیں۔ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل حاجی علی جواد کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں کینسر کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد زیادہ ہے جو ادویات نہ ملنے سے دم توڑ گئے ہیں۔ اسپتال میں سہولیات فراہم نہ کی گئی اور ادویات کا بندوبست نہ کیا گیا تو مزید انسانی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

راستوں کی بندش کے خلاف ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں پریس کلب کے باہر جبکہ سلطان اور گوساڑ میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔ جب کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں علاقے کی دکانوں اور گھروں کو نقصان پہنچنے کے خلاف احتجاجی دھرنا شروع کیا گیا ہے جس میں آمد و رفت کے راستے کھولنے اور متاثرین کو امداد دینے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

احتجاجی دھرنے سے اپنے خطاب میں تحصیل چئیرمین آغامزمل حسین کا کہنا ہے کہ ایک ماہ مذاکرات میں گزرگئے اور اس کے بعد صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے امن معاہدے کا ڈرافٹ تیار کیا۔اس کے باوجود ایک فریق کی جانب سے معاہدے پر دستخط جرگہ کی توہین ہے اور ساتھ ساتھ ایک فریق جرگہ کو مشاورت کا بہانہ بناکر ضلع کرم میں مزید خونریزی کے لئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔ تحصیل چئیرمین نے ذمہ دار حکام سے مطالبہ کیا کہ امن کی کوششوں کے دوران جو بھی فریق بد امنی کا باعث بنے انہیں کڑی سزا دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع کرم جاویداللہ محسود کا کہنا ہے کہ آمد و رفت کے راستے مسافر گاڑیوں پر فائرنگ اور جھڑپوں کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کیے گئے ہیں اور مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے اسپتالوں کی کمی پوری کرنے آور زخمیوں اور مریضوں کو پشاور شفٹ کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس چلائی جارہی ہے۔
تاہم سماجی رہنما یوسف لالا کا کہنا ہے کہ روڈ بند ہونے سے متعدد اوور سیز پاکستانی بیرون ملک میں اپنی نوکریوں پر واپس نہیں جاپا رہے۔ اسی طرح کرم سے تعلق رکھنے والے طلبہ دوسرے شہروں میں واقع اداروں میں اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پارہے۔ مریضوں کی اتنی زیادہ تعداد ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان تمام کی پشاور تک منتقلی نہیں ہو سکتی۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ آمدورفت کے راستے کھولے جائیں اور محفوظ بنائیں جائیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی دھرنے

مجلس وحدتِ مسلمین کے زیر اہتمام ملک کے بڑے شہروں میں کرّم میں سڑک کی بندش کے خلاف احتجاجی دھرنے دئیے جارہے ہیں۔ کراچی میں 13مقامات پراحتجاج ہورہا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنا جاری ہے۔نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی،یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک ک قریب احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے۔ابو الحسن اصفہانی روڈ،فائیو اسٹار چورنگی،احسن آباد،سرجانی ٹاون میں کے ڈی اے فلیٹس کے سامنے احتجاج جاری ہے۔شارع پاکستان پر عائشہ منزل اور انچولی پر بھی دھرنا جاری ہے۔گلستان جوہر میں جوہرموڑ اور کامران چورنگی اور صفورا چورنگی پر بھی دھرنادیا جارہا ہے۔
اسی طرح لاہور، مظفرآباد اور اسلام آباد میں بھی مجلس وحدتِ مسلمین کے زیر اہتمام دھرنے کئی روز سے دھرنے دیے جارہے ہیں۔ منتظمیں کا کہنا ہے کہ جب تک کرم کے راستے نہیں کھولے جاتے دھرنے جاری رہیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here